ارض پاک کی طرف اٹھنے والی ہر میلی آنکھ نکال دینے کا عزم، دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے کا عہد، پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ یوم دفاع و شہدائے پاکستان آج قومی اور ملی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہے۔
یوم دفاع پاکستان کے موقع پر مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی ترقی وخوشحالی اور غیرقانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کی بھارتی جابرانہ چنگل سے آزادی کی دعائیں مانگی گئیں۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے کیا گیا۔
اس سال یوم دفاع وشہدا کا موضوع ’’ہمارے شہدا، ہمارا فخر۔۔۔غازیوں، شہیدوں اور ان کے اہلخانہ کو سلام‘‘ ہے۔یوم دفاع وشہدا کا مقصد شہیدوں اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنا اور اس عزم کا اظہار کرنا ہے کہ تمام خطرات میں مادر وطن کا دفاع کیا جائے گا۔ 1965ء میں آج ہی کے دن بھارتی فوجیوں نے پاکستان پر حملہ کرنے کیلئے رات کے اندھیرے میں بین الاقوامی سرحد عبور کی لیکن قوم نے دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔
1965ء کی جنگ میں دشمن کی عبرت ناک شکست اور پاک فوج کی شجاعت کی نئی تاریخ رقم کرنے کی یاد میں یوم دفاع ملی جوش و جذبے کےساتھ منایاجا رہا ہے، اس حوالے سے اہم تقریب جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوگی، پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ اس تقریب سے خطاب کریں گے، جب کہ تقریب میں شہداء اور غازیوں کے اہل خانہ بھی شریک ہوں گے۔
جنگ ستمبر کی یاد میں نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد اور تمام نیول، ائیربیسز اور چھاؤنیوں میں بھی خصوصی تقریبات ہو رہی ہیں جن میں شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ۔مختلف شہروں میں یوم دفاع کے موقع پر دفاعی ساز و سامان کی نمائش بھی کی جا رہی ہے۔
Comments are closed.