سپین کے شہر بارسلونا میں تعینات پاکستانی قونصل جنرل عمران علی چوہدری کو اومان میں پاکستان کا نیا سفیر مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
وزارت خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ فارن سروس گروپ کے سینئر سفارت کار عمران علی چوہدری کو مسقط میں پاکستان کا نیا سفیر تعینات کیا جا رہا ہے، وہ جولائی 2018 سے بارسلونا میں تعینات ہیں اور تقریباً ساڑھے تین سال سے قونصل جنرل کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
عمران علی چوہدری کی بارسلونا میں بطور قونصل جنرل تعیناتی کی مدت مکمل ہونے پر انہیں بنگلہ دیش یا مسقط میں پاکستان کا نیا سفیر تعینات کرنے یا وزارت خارجہ اسلام آباد میں اہم ذمہ داریاں سونپنے پر غور کیا جا رہا تھا، وزارت خارجہ کے ذرائع نے نیوز ڈپلومیسی کو بتایا ہے کہ عمران علی چوہدری کو مسقط، اومان میں سفیر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اومان میں تقریباً پانچ لاکھ کے قریب تارکین وطن مقیم ہیں، اتنی بڑی تعداد میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے ترجیحی بنیادوں پر حل کیلئے متحرک سفارت کار کی تعیناتی ناگزیر تھی، تا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق تارکین وطن کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم اور مشکلات کا فوری ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ بارسلونا میں بسنے والے پاکستانیوں کو قونصلر خدمات اور دیگر سہولیات فراہمی کیلئے عمران علی چوہدری نے بطور قونصل جنرل اہم فیصلے اور اقدامات کیے، انہوں نے ایجنٹ مافیا کا خاتمہ کرتے ہوئے ہر پاکستانی کی قونصل خانے تک براہ راست رسائی یقینی بنائی اور کورونا وباء کے دوران بھی قونصل خانہ کے دروازے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے کھلے رہے۔
عالمی وباء کے دوران پیدا غیرمعمولی حالات کے باوجود بارسلونا میں وفات پانے والے پاکستانی شہریوں کی میتیں وطن بھجوانے کے حوالے سے ان کا کردار قابل تحسین ہے، اس کے علاوہ غیرقانونی طریقے سے سپین پہنچنے والے پاکستانیوں کو کاغذات کے حصول میں مدد کیلئے مینوئل پاسپورٹ کا اجراء ان کا اہم کارنامہ ہے جس کی بدولت سینکڑوں پاکستانی سپین کے کاغذات لینے کے اہل بنے۔
عمران علی چوہدری نے 1996 میں پاکستان فارن سروس میں شمولیت اختیار کی اور وزارت خارجہ میں اہم عہدوں پر خدمات سرانجام دیتے رہے۔ عمران علی چوہدری نے 2000ء سے 2004 تک واشنگٹن ڈی سی میں بطور تھرڈ سیکرٹری فرائض نبھائے، وہ 2009 سے 2014 تک کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں پاکستان کے قونصل جنرل تعینات رہے اور جولائی 2018 میں انہیں بارسلونا میں قونصل جنرل کی ذمہ داریاں سونپی گئیں۔
Comments are closed.