افغانستان میں طالبان کی حکومت کے پی آئی اے کی پہلی پرواز کابل پہنچ گئی

افغانستان میں طالبان کی نئی حکومت کے قیام کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی پہلی پرواز کابل پہنچ گئی، قومی ائیرلائن کے سربراہ ایئرمارشل ارشد ملک کا کہنا ہے کہ پروازکا مقصد پاکستان اور افغانستان کے مابین خیرسگالی کو فروغ دینا اور انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر آپریشن کو مضبوط کرنا ہے۔

پی آئی اے کا قومی پرچم بردار بوئنگ 777 طیارہ نو بج کر 45 منٹ پر کابل پہنچا، چیف آپریٹنگ آفیسر ائیر کموڈور جواد ظفر سی ای او پی آئی اے ایئرمارشل ارشد ملک کے نمائندے کی حیثیت سے جہاز میں موجود تھے۔ کابل ائیرپورٹ پرخدمات کی بحالی کیلئے افغان سول ایوی ایشن اور پی آئی اے کے مقامی عملے کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے گئے۔

ترجمان کے مطابق تربیت یافتہ ائیرپورٹ عملے نے ڈیوٹی جوائن کرکے پرواز ہینڈل کی، کابل ائیرپورٹ پر پی آئی اے کا نام اور پرواز نمبر آویزاں کیا گیا، قومی ایئر لائن کی پرواز بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے صحافیوں کو کابل پہنچایا جب کہ عالمی بینک کے عملے اور غیر ملکی صحافیوں کو واپس لانے کے لئے بھجوائی گئی۔

 سی ای او پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پرواز کا مقصد پاکستان اور افغانستان کے مابین خیرسگالی کو فروغ دینا اور انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر آپریشن کو مضبوط کرنا ہے، پی آئی اے اور پوری دنیا کیلئے یہ آپریشن بہت اہم ہے، سب ہماری طرف دیکھ رہے ہیں رابطے بحال کئے جائیں، امید ہے ہم جلد ہی مکمل طور پر آپریشن بحال کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔

Comments are closed.