افغان فورسزکے فضائی حملے میں 16 شہری ہلاک

کابل: افغانستان کے صوبے ہلمند کے ضلع سنگین میں دہشت گردوں کے خلاف جاری سرچ آپریشن کے دوران فضائی حملے میں 16 شہری جاں بحق ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ فضائی حملہ ایک گھر پر کیا گیا، جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ اس گھر میں تمام افراد معصوم نہتے شہری تھے۔

طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں صوبہ ہلمند میں حکومتی فورسز کے فضائی حملے میں ایک ہی گھر کے 13 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

گورنر ہلمند یاسر خان نے سنگین ضلع میں فضائی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے میں کچھ شہریوں کی ہلاک ہونے کی بھی اطلاع ہے جس کے لیے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

دوسری جانب وزارت دفاع کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ضلع سنگین میں 3 روز سے ایک بڑا ملٹری آپریشن جاری ہے جس کے دوران دہشت گردوں کی کئی کمین گاہوں کو تباہ کیا گیا ہے۔

Comments are closed.