وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے یورپی یونین پاکستان فرینڈشپ فیڈریشن کے چیئرمین پرویزاقبال لوسر نے ملاقات کی ہے جس میں بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کےمسائل، یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کے دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔
دفتر خارجہ اسلام آباد سے جاری اعلامیے کےمطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے چوہدری پرویز اقبال لوسر نے وزارت خارجہ میں ملاقات کی، اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان، یورپی یونین کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، یورپی ممالک میں پاکستانیوں کی کثیر تعداد مقیم ہے-جو دو طرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہود ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، میری خصوصی ہدایات پر دنیا بھر میں ہمارے سفارت خانے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کو درپیش مسائل کے فوری حل کیلئے کوشاں ہیں۔
پرویز اقبال لوسر نے وزیر خارجہ کو پاک- ای یو فرینڈشپ فیڈریشن کی کارکردگی کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی، وزیرخارجہ نے یورپی ممالک میں پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کیلئے پاکستان۔ یورپی یونین فرینڈشپ فیڈریشن، کی خدمات کو سراہا
وزیر خارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے چھہترویں اجلاس کے موقع پر ان کی یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ جوزف بوریل سمیت کئی یورپی ممالک کے وزرائے خارجہ سے سود مند ملاقاتیں ہوئیں، یورپی یونین ممالک کے وزرائے خارجہ کو افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال، مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انہوں نے یورپی ممالک کے وزرائے خارجہ کی خدمت میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض افواج کے جنگی جرائم کے ٹھوس شواہد پرمشتمل ڈوزیئر پیش کیے، پاکستان، یورپی یونین کے ساتھ اسٹریٹیجک شراکت داری کے فروغ کیلئے پر عزم ہے۔
یورپی یونین پاکستان فرینڈشپ فیڈریشن کے چیئرمین پرویزاقبال لوسر نے وزیرخارجہ کی اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے چھہترویں اجلاس میں شرکت اور اس موقع پر یورپی ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں کو سراہا۔
Comments are closed.