نامعلوم افراد کی صحافی ممتازحسین کو جان سے مارنے کی دھمکیاں، پولیس مقدمہ درج کرنے سے گریزاں

اسلام آباد: پاکستان میں سچ اور حقائق بیان کرنے پرصحافیوں کو قتل کی دھمکیاں دینے، ہراساں کرنے کے واقعات میں روز بروز اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، نامعلوم افراد کی جانب سے صحافی ممتاز حسین کو جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے کے باوجود پولیس مقدمہ درج کرنے سے گریزاں ہے۔

دنیا نیوز اور نیوز ڈپلومیسی سے وابستہ صحافی ممتاز حسین کو حکومتی ایوان میں بیٹھے مافیاز کے خلاف آواز اٹھانے پر نامعلوم افراد کی جانب سے مسلسل دھمکی آمیز فون کالز موصول ہو رہی ہیں۔ نامعلوم افراد نے حکمران جماعت کے سینئر رہنماؤں، حکومتی عہدیداروں کے خلاف نیوز ڈپلومیسی پر شائع کی گئی تحریر فوری طور پر ہٹانے کا مطالبہ کیا اور دھمکی دی کہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے۔

صحافی ممتاز حسین کی جانب سے اسلام آباد کے متعلقہ تھانہ آبپارہ میں نامعلوم افراد کے خلاف درخواست جمع کرائی گئی، جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ان کی جان کو سخت خطرہ ہے، جن نمبرز سے فون کالز آئیں ان کا دستیاب ریکارڈ فراہم کیے جانے کے باوجود پولیس مقدمہ درج کرنے سے گریزاں ہے، جس کے باعث وفاقی دارالحکومت میں بھی صحافی عدم تحفظ کا شکار ہیں۔

Comments are closed.