مہنگائی کا جن بے قابو۔۔ آٹا، گھی، چینی، سبزیاں عوام کی قوت خرید سے باہر

پاکستان میں مہنگائی کا جن بے قابو ہونے سے عوام کی قوت خرید جواب دے گئی، گزشتہ چھ ماہ کے دوران گھی46 روپے73 آٹا 20 روپے 50 پیسے، چینی 3 روپے 23 پیسے اور پیاز 16 روپے 27 پیسے فی کلو تک مہنگے ہوئے۔

وفاقی ادارہ شماریات نے ملک میں گزشتہ چھ ماہ کے دوران ہونے والی مہنگائی کے اعداد و شمار جاری کر دیئے ہیں جن کے مطابق چھ ماہ میں گھی کی قیمت 6 ماہ میں فی کلو 46 روپے 73 پیسے، مٹن 101 روپے7 پیسے اور بیف 62 روپے 2 پیسے فی کلو تک مہنگا ہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق اس عرصے کے دوران پیاز کی فی کلو قیمت میں 16 روپے 27 پیسے اضافہ ہوا، ٹماٹر11 روپے 38 پیسے، آلو 7 روپے 59 پیسے کلو مہنگے ہوئے، چھ ماہ میں ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر  802 روپے 5 پیسے مہنگا ہوا، لہسن کی فی کلو قیمت میں 102روپے 54 پیسے کا اضافہ ہوا۔

اس عرصے میں دال مسور25 روپے 74 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی، دال مونگ 65 روپے 23 پیسے، دال ماش 16 روپے 86 پیسے دال چنا کی فی کلو قیمت 2 روپے 8 پیسے کم ہوئی حالیہ چھ ماہ میں زندہ مرغی فی کلو 7 روپے 32 پیسے سستی ہوئی۔

مختلف شہروں میں مہنگائی کے حالیہ طوفان سے عوام پریشان ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ نے غریب اور متوسط طبقے کیلئے دو وقت کی روٹی کھانا مشکل کر دیا ہے، عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے۔

Comments are closed.