اسلام آباد: پاکستان میں صحافت کرنا جرم بن گیا، فون کالز پرسنگین نتائج کی دھمکیاں اور حملے کے بعد نامعلوم افراد صحافی ممتاز حسین کے گھر تک پہنچ گئے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے رہائشی صحافی ممتازحسین جو کہ ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ ہیں انہیں گزشتہ چند ماہ سے نامعلوم افراد کی جانب سے دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں، اس کے خلاف انہوں نے اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ میں مورخہ 6 اکتوبر 2021 کو اندراج مقدمہ کی درخواست دی لیکن پولیس نے پہلے تو اسے سائبرکرائمزونگ کا معاملہ قرار دے کر درخواست وصول کرنے سے انکار کر دیا لیکن دو روز بعد 8 اکتوبرکو درخواست پر ابتدائی رپورٹ درج کر لی گئی، تاہم کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔

پولیس کی جانب سے عدم کارروائی کا نتیجہ یہ نکلا کہ 11 اکتوبر کو زیروپوائنٹ سے اپنے گھر جاتے ہوئے نامعلوم افراد نے صحافی ممتاز حسین کو اسلحے کی نوک پر روک کر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں،اب یہ افراد راولپنڈی میں صحافی ممتاز حسین کے گھر تک پہنچ گئے اور اہلخانہ سے ان کے بارے میں پوچھ گچھ کرتے رہے، ممتاز حسین کے اہلخانہ نے واقعہ سے متعلق تھانہ صادق آباد پولیس کو باقاعدہ درخواست دے دی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ انہیں اور معصوم بچوں کو تحفظ دیا جائے۔

Comments are closed.