بیجنگ: اقوام متحدہ کی 76ویں جنرل اسمبلی نے چین اور بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کی تیار کردہ “بیجنگ ونٹر اولمپک ٹروس ریزولوشن” کی متفقہ طور پر منظور ی دے دی، جس کی تجویز 173 رکن ممالک نے مشترکہ طور پر دی تھی۔
قرارداد میں تمام فریقین سے بین الاقوامی تنازعات کو پرامن اور سفارتی ذرائع سے حل کرنے کی اپیل کی گئی ہے اور تمام ممالک پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بیجنگ سرمائی اولمپکس 2022 کے آغاز سے 7 روز قبل اور بیجنگ پیرا اولمپک سرمائی گیمز کے اختتام کے سات روز بعد تک اس قرارداد کی پابندی کریں۔ قرارداد میں بیجنگ سرمائی اولمپکس اور پیرا اولمپکس کے وژن “خالص برف، پرجوش مقابلہ” پر زور دیا گیا ہے جس کا مقصد اولمپکس کے ذریعے نوجوانوں کے خوابوں کو روشن کرنا، سرمائی کھیلوں کو لوگوں میں مقبول بنانا، سماجی ترقی کو فروغ دینا، اور ہم آہنگ، پرامن اور بہتر دنیا کی تعمیر کرنا ہے
قرارداد میں خاص طور پر موجودہ وبائی اثرات سے نمٹنے کے لیے عالمی صلاحیت کی تعمیر میں کھیلوں کے کردار کو تسلیم کرنے کی تجویز دی گئی ہے، اور اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ بیجنگ سرمائی اولمپکس انسانی اتحاد، پائیداری اور بین الاقوامی تعاون کی قیمتی قدر کو ظاہر کرنے کا ایک موقع ہوگا۔
یہ قرارداد اتفاق رائے سے منظور کی گئی ہے اور اقوام متحدہ کے رکن ممالک کی اکثریت نے اسے پیش کیا ہے۔ یہ بیجنگ سرمائی اولمپکس اور بین الاقوامی اولمپک گیمز کے لیے اقوام متحدہ کے رکن ممالک کی حمایت کی عکاس ہے۔ اس سے بین الاقوامی برادری کی جانب سے وبا پر قابو پانے، امن پر عمل درآمد اور روشن مستقبل کی جانب گامزن رہنے کے مضبوط عزم کی بھی عکاسی ہوتی ہے۔
Comments are closed.