راولپنڈی: پاکستان میں متعین جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے اپنی ‘میڈ ان پاکستان سائیکل’ پر ٹرک آرٹ ورک کروا لیا ہے۔
جرمن سفیر مارٹن کوبلر کا عوامی انداز سوشل میڈیا پر انتہائی مقبول ہے۔ پاکستان کے عوامی مسائل اجاگر کرنے، یہاں پر ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے، قدرتی وسائل کے تحفظ اور پاکستانی سیاحت و ثقافت کو فروغ دینے کے لیے وہ اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ کا نہایت ہی موثر انداز میں استعمال کرتے رہتے ہیں۔
جرمن سفیر نے چند روز قبل راولپنڈی کی مارکیٹ سے پاکستان میں تیار کردہ سائیکل خریدی تھی۔ جسے مشہور پاکستانی ٹرک آرٹ سے سنوارنے کے لئے انہوں نے اس فن کے ماہر حاجی پرویز نامی آرٹسٹ کی خدمات حاصل کیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک حالیہ پیغام کے ساتھ انہوں نے اپنی نئی سائیکل کی تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔ اپنے پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ ‘ٹرک آرٹ کے ساتھ ان کی پاکستانی سائیکل سواری کے لیے تیار ہے۔ سائیکل پرلگی گھنٹی بھی کام کرتی ہے۔’ انہوں نے راولپنڈی میں اپنی سائیکل پر سواری بھی کی۔ جرمن سفیر نے اپنے چاہنے والوں سے منفرد اور دلکش ٹرک آرٹ والی سائیکل کے خوبصورت رنگوں پر رائے بھی مانگی ہے۔
Comments are closed.