لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف کا سروسز اسپتال میں علاج جاری ہے۔ ڈاکٹروں کی سفارش پرطبی ٹیسٹ ہو رہے ہیں۔ مریم نواز گھر کا کھانا لے کر اسپتال پہنچیں کارکنوں نے اسپتال کے باہر اظہار یکجہتی کیمپ لگا لیا۔
ناجائز اثاثہ جات کیس میں سزا یافتہ کوٹ لکھپت جیل میں قید میاں نواز شریف ہفتہ کو سروسز اسپتال لائے گئے۔ ڈاکٹروں کے چھ رکنی بورڈ نے ابتدائی ٹیسٹ کئے اور اتوار کو نہار منہ چند ٹیسٹ ہونے کے بعد اسپتال میں ہی سی ٹی سکین اور الٹر اساؤنڈ بھی کیا گیا۔
اسپتال میں خصوصی سیکورٹی کے حصار میں وی وی آئی پی روم سے نیو او پی ڈی منتقل کیا گیا اس دوران ڈیوٹی پرموجود ایلیٹ اہلکار بھی میاں نواز شریف سے متاثر نظر آئے اور انہیں سلیوٹ بھی کئے۔
نیو او پی ڈی بلاک میں نواز شریف ایک گھنٹہ سے زیادہ موجود رہے جہاں ٹیسٹ اور طبی معائنہ کیا گیا۔ مریم نواز بھی والد کی عیادت کے لئے اسپتال پہنچی، جو سابق وزیراعظم کے لئے گھرکا کھانا ساتھ لے کرآئیں۔ کیپٹن (ر) صفدر اور جنید صفدر بھی مریم نواز کے ہمراہ تھے۔
اسپتال کے گیٹ پر مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے اظہار یکجہتی کیمپ لگا لیا ہے اور سابق وزیراعظم نوازشریف کی صحت یابی کے لیے دعا کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
میاں نواز شریف کے مزید ٹیسٹ بورڈ کی سفارشات کی روشنی میں ہوں گے اور دل کے امراض کے ماہر بھی تشخیص کریں گے۔
Comments are closed.