چیئرمین نیب کسی پارلیمانی کمیٹی کے سامنے پیش نہ ہوں، وزیر اعظم عمران خان

 اسلام آباد : چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال ان کیمرہ کارروائی کے باوجود پبلک اکاونٹس کمیٹی اجلاس میں پیش نہ ہوئے۔ نیب نے سیکرٹری قومی اسمبلی کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ اب ڈی جی نیب پارلیمانی کمیٹیوں کے سامنے چئیرمین نیب کی نمائندگی کریں گے ، چئیرمین پی اے سی ،رانا تنویر حسین کہتے ہیں چیئرمین نیب کو پارلیمنٹ آنا پڑے گا۔

‏ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس ہوا جس میں چئیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال پیش نہ ہوئے ۔چئیرمین نیب کی عدم پیشی پر پی اے سی کا اجلاس ملتوی کردیا گیا، چئیرمین رانا تنویر نے کہاکہ چئیرمین نیب کو آنا چاہیے تھا اور وہ آئیں گے،چئیرمین نیب کو جوابی خط لکھ رہے ہیں، سیکریٹری کابینہ بھی نیب کے خط کی تفصیلات پیش کریں ۔چئیر مین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے کہاکہ اگر قواعد وزیر اعظم کو چیئرمین کی جگہ ڈی جی کو نمائندگی کا اختیار دیتے ہیں تو تسلیم کریں گے۔رکن کمیٹی نورعالم خان نے کہا کہ مجھے تو لگتاہے کہ یہ خط وزیر اعظم کو بدنام کرنے کی کوشش ہے، امید ہے وزیراعظم اس کا نوٹس لیں گے۔

دوسری جانب نیب کی جانب سے سیکریٹری قومی اسمبلی کو لکھےگئے خط میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے چیئرمین نیب کی جگہ ڈی جی نیب کی کمیٹیوں کو بریفنگ دینے کی منظوری دی ہے۔ چیئرمین نیب، پی اے سی سمیت کسی بھی قائمہ کمیٹی، آئینی ادارے اور خود مختار اداروں کے سامنے بطور پرنسپل اکاونٹنگ آفیسر پیش نہیں ہوں گے۔ تمام کمیٹیوں میں ان کی نمائندگی ڈی جی نیب کریں گے۔

Comments are closed.