علیم خان کے اثاثوں میں ایک سال کے دوران دوگنا اضافے کا انکشاف

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو نے پنجاب کے سابق سینئر وزیرعبدالعلیم خان کو آف شورکمپنیوں اور آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں گرفتار کیا ہے ، تاہم ان کے اثاثے بھی 30 جون 2017 سے 30جون 2018 تک صرف ایک سال میں دو گنا بڑھنے کا انکشاف ہوا ہے۔

نیب کے زیرحراست سابق صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کے اثاثوں میں ، صرف ایک سال کے دوران سو فیصد اضافہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ الیکشن کمیشن میں جمع گوشوارے میں اثاثوں کی تفصیلات انتہائی حیران کن ہیں

الیکشن کمیشن کی دستاویز کے مطابق 30 جون 2017 تک علیم خان کے اثاثوں کی مالیت 46 کروڑ 9 لاکھ 19 ہزار روپے تھی ۔۔۔ جو 30 جون 2018 کو بڑھ کر 87 کروڑ 16 لاکھ 30 ہزار روپے ہوگئی ۔ یوں علیم خان کےاثاثوں میں صرف ایک سال کےدوران 41 کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ہوا ۔۔۔۔ انہوں نے بیرون ملک کاروبار کی مالیت صرف 81 لاکھ 38 ہزار 500 روپے ظاہر کی ۔

علیم خان نے 2017 میں اپنی آمدن 85 لاکھ 88 ہزار روپے ظاہر کی اور 42 لاکھ 40 ہزار روپے انکم ٹیکس ادا  کیا ۔ گوشوارےکےمطابق پی ٹی آئی رہنما کی پاکستان میں 15 کروڑ 92 لاکھ روپے کی جائیداد ہے ، انہوں نے 12 کروڑ 93 لاکھ کے اسٹاک اینڈ شیئرز اور   ساڑھے 3 کروڑ روپے کی گاڑیاں بھی ظاہر  کیں ۔

واضح رہے کہ علیم خان سے نیب ان کی آف شور کمپنیوں اور آمدن سے زائد اثاثوں کی پوچھ گچھ کر رہا ہے، مگر انہیں حال ہی میں اپنے اثاثوں میں دوگنا اضافے کا بھی جواب دینا پڑ سکتا ہے ۔

Comments are closed.