اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریک انصاف کے رہنما عمر امین گنڈا پور کی نااہلی کا حکم معطل کردیا۔ بحیثیت امیدوار سٹی مئیر ڈی آئی خان الیکشن لڑنے کے لیے اہل قرار دے دیا گیا۔عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جمعہ کے روز جواب طلب کرلیا۔
چیف جسٹس اسلام آبادہائی کورٹ اطہر من اللہ نے اپیل کی سماعت کی تو عمر امین گنڈا پور کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ضابطے کے بغیر آرڈر جاری کرتے ہوئے عمر امین گنڈا پور کو نااہل کیا ہے۔سمری انکوائری کے بعد پچاس ہزار روپے جرمانہ کیا جا سکتا ہے، اگر جرمانہ کے بعد بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہو تو پھر ایکشن ہوسکتا ہے۔انکوائری ہوئی نہ رپورٹ کمیشن کو دی اور نہ ہی عمر امین کو نوٹس دیا گیا۔عمر امین کے بھائی وفاقی وزیر ہیں انہیں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانہ کیا گیا ہے ۔
عدالت نے استفسار کیا کہ پھر عمر امین کو کیسے فریق بنا گیا، الیکشن کمیشن نے نوٹس جاری کیا یا نہیں؟بیرسٹر علی ظفرنے کہا کہ نوٹس نہیں دیا، ساری کارروائی علی امین کے خلاف ہوتی رہی لیکن آرڈر عمر امین کے خلاف جاری کردیا۔
ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کا عمر امین گنڈا پور کو نااہل کرنے کا حکم معطل کرتے ہوئے کہاکہ علی امین گنڈا پور کی حد تک الیکشن کمیشن کا آرڈر آن فیلڈ رہے گا۔عدالت نے الیکشن کمیشن کو جمعہ کے روز کے لیے نوٹس جاری کر دیا جبکہ آرڈر کی کاپی فوری عمر امین گنڈاپور کے وکیل کو فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوےسماعت جمعہ تک ملتوی کردی گئی۔ وا ضح رہے ڈیرہ اسماعیل خان تحصیل میں سٹی میئر کا انتخاب 13 فروری کو ہوگا۔
Comments are closed.