اسلام آباد:شاد رہے پاکستان،، 82واں یوم پاکستان آج شایان شان طریقے سے منایا جارہا ہے، تینوں مسلح افواج اورقانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت دوست ممالک کے دستے بھی پریڈ کا حصہ ہوں گے ۔جدید ترین جے ٹین جنگی طیاروں کا فلائی پاسٹ بھی ہوگا۔ آزادی کے ڈائمنڈ جوبلی سال کے باعث پریڈ کوخصوصی حیثیت حاصل ہے ۔
آرمڈکور ، آرٹلری، ائیرڈیفنس اور انجنئیرنگ کورکے دستے سامان حرب کے ساتھ پریڈ میں حصہ لیں گے جبکہ دفاع پاکستان کوناقابل تسخیر بنانے والے مختلف رینجز کے میزائل بھی پریڈ میں شامل ہوں گے ۔ جدید ترین جے ٹین جنگی طیاروں کا فلائی پاسٹ بھی ہوگاجو حال ہی میں پاک فضائیہ کے فضائی بیڑے کا حصہ بنے ہیں۔ اس کے ساتھ ایوی ایشن فلای پاسٹ بھی ہو گا اور ایس ایس جی کے کمانڈوز فری فال کا مظاہرہ کریں گے ۔ چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے ثقافتی فلوٹس بھی تقریب کو چار چاند لگائیں گے۔
او آئی سی کے وزرائے خارجہ اجلاس کے شرکاء کو بھی یوم پاکستان پریڈ میں مدعو کیا گیا ہے اوراس حوالے سے او آئی سی کا فلوٹ خصوصی طور پر شامل کیاگیاہے ۔یوم پاکستان پریڈ کے خصوصی تھیم کے حوالے سے آئی ایس پی آر نے مسحور کن ملی نغمہ بھی جاری کیاہے ۔
Comments are closed.