وزیراعظم کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس رواں ہفتے ہوگا

 اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس رواں ہفتے ہوگا جس میں عالمی عدالت انصاف میں کلبھوشن یادیو کیس، پلواما واقعے اور اس کے بعد کی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے رواں ہفتے میں قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس میں دفاع، خارجہ، خزانہ کے وفاقی وزراء، وزیرمملکت برائے داخلہ، مسلح افواج کے سربراہان شرکت کریں گے۔ اجلاس میں حساس اداروں کے سربراہ اور متعلقہ سیکورٹی اداروں کے حکام بھی شریک ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق عالمی عدالت انصاف میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیس کے حوالے سے غور کیا جائے گا، دفتر خارجہ کے حکام کلبھوشن یادیو کیس پر قومی سلامتی کمیٹی کو بریفنگ دیں گے۔

کمیٹی کے اجلاس میں بھارت کی جانب سے پلوامہ واقعے پر بے بنیاد الزام تراشی اور اس سے پیدا صورتحال پر بھی غور کیا جائے گا۔

اجلاس میں ملک کی مجموعی سیکیورٹی کی صورتحال ،افغان امن عمل اور پاکستان کی کوششوں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ کمیٹی میں سعودی ولی کے دورہ پاکستان پر بھی گفتگو ہو گی۔

Comments are closed.