پاکستان نے سکھ برادری کے بیساکھی تہوار کی تقریبات میں شرکت کے لئے 2 ہزار سے زائد بھارتی سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کر دیئے۔
نئی دلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے پاکستان میں منعقد ہونے والی بیساکھی تقریبات میں شرکت کے لئے دو ہزار 200 بھارتی سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کیے ہیں، رواں سال پاکستان میں سکھ برادری کے مذہبی تہوار بیساکھی کے موقع پر 12 سے 21 اپریل تک تقریبات منعقد ہوں گی۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ سکھ یاتریوں کو ویزے پاکستان اور بھارت کے درمیان ایک دوسرے کے شہریوں کو مذہبی مقامات پر جانے کیلئے ویزہ اجراء سے متعلق 1974 کے معاہدے کے تحت جاری کیے گئے ہیں، ہرسال بھارت سے سکھ یاتریوں کی ایک بڑی تعداد اپنی مذہبی تقریبات میں شرکت کے لئے پاکستان آتی ہے۔
نئی دلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے ناظم الامور آفتاب حسن خان کی جانب سے سکھ برادری کو بیساکھی تہوار کے موقع پر مبارک باد اور یاتریوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو مختلف مذہبی مقامات کے تحفظ، دیکھ بھال اور یاتریوں کو سہولیات فراہم کرنے پر فخر ہے۔
بھارت سے آنے والے سکھ یاتری 12 اپریل کو پاکستان آئیں گے اور 21 اپریل 2022 تک پاکستان میں پنجہ صاحب، ننکانہ صاحب اور گوردوارہ کرتار پور کی یاترا کریں گے اور مذہبی تقریبات میں شریک ہوں گے۔
Comments are closed.