آزادی صحافت کا شکاری عمران خان کی وجہ سے جمہوریت بدنام ہوئی، شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس میں پاکستان کی درجہ بندی میں تنزلی اور جمہوریت بدنام ہوئی

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری اپنے ایک پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان عمران حکومت کے آخری سال پریس فریڈم انڈیکس میں 12 پوائنٹس گرگیا جبکہ پی ٹی آئی دور حکومت میں مجموعی طور پر 18 پوائنٹس تنزلی آئی۔

ان کا کہنا ہے کہ آزادی صحافت کی درجہ بندی میں تنزلی پر نہ صرف عمران خان کو’’آزادی صحافت کے شکاری‘‘ کا شرمناک خطاب ملا بلکہ پاکستانی جمہوریت بھی بدنام ہوئی۔ انہوں نے آزادی اظہار رائے اور صحافت کو یقینی بنانے کے لیے حکومتی عزم کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ عالمی صحافتی تنظیم رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز (آر ایس ایف) کی حالیہ رپورٹ کے مطابق ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس میں پاکستان 12 درجے تنزلی کے ساتھ 157 ویں نمبر پر چلا گیا ہے۔ اس کے ساتھ، بھارت 8 درجے تنزلی کے ساتھ 150 جب کہ سری لنکا 146، بنگلہ دیش 162 اور میانمار 176 کی درجہ بندی پر ہے۔

Comments are closed.