گجرات میں دو پاکستانی نژاد ہسپانوی بہنوں کے قاتل کے بھائی و چچا سمیت دیگر ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔۔۔پنجاب کے ضلع گجرات کی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اُنھوں نے دو پاکستانی نژاد ہسپانوی بہنوں کے قتل میں ملوث چھ ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔گرفتار ہونے والوں میں دونوں مقتول بہنوں کا ایک سگا بھائی بھی شامل ہے جس کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ بھی ہسپانوی شہریت کا حامل ہے۔
دیگر گرفتار ملزمان میں لڑکیوں کے چچا، دونوں شوہروں سمیت دو مزید افراد شامل ہیں۔ اس مقدمے میں نامزد چار دیگر ملزمان اب تک گرفتار نہیں ہوئے ہیں۔
گجرات پولیس کے ڈسٹرکٹ پولیس افسر حافظ عطا الرحمٰن نے کہا ہے کہ گرفتار ملزمان کو عدالت میں پیش کر کے ان کا ریمانڈ حاصل کیا جائے ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ پولیس کو مخبر سے اطلاع موصول ہوئی ہے کہ سپین کی شہریت رکھنے والی دو لڑکیوں پر تشدد کیا جا رہا ہے۔ پولیس جب اس اطلاع پر موقع پر پہنچی تو اندر سے چیخ و پکار کی آوازیں آ رہی تھیں۔پولیس کے مطابق ’جب وہ گھر میں داخل ہوئے تو لڑکیوں کے گلے دبائے جا رہے تھے اور پولیس کو دیکھنے پر انھیں قتل کر دیا گیا اور ملزمان فرار ہو گئے۔
خاندانی ذرائع اور ایف آئی آر کے مطابق دونوں بہنیں اپنے کزنز سے شادی نہیں کرنا چاہتی تھیں بلکہ اپنی پسند سے شادی کرنا چاہتی تھیں۔ڈی پی او گجرات کی پریس کانفرنس کا دعویٰ ہے کہ ’گرفتار ملزمان جن میں مقتول بہنوں کے سگے چچا اور بھائی بھی شامل ہیں، نے دونوں کے قتل کا اعتراف کیا ہے۔ اُن کے مطابق پولیس کے پاس اس حوالے سے ٹھوس ثبوت بھی موجود ہیں، جنھیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گجرات پولیس نے سنیچر کو اپنی مدعیت میں دو بہنوں کو قتل کرنے کا مقدمہ درج کیا ہے۔ مقدمے میں قتل کے علاوہ ناقابل راضی نامہ غیرت کے نام پر قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔پولیس اور اہلیان علاقہ کے مطابق قتل سے پہلے دونوں لڑکیوں پر بے رحمانہ تشدد کیا گیا تھا۔ دونوں بہنوں کے قتل کا مقدمہ گجرات کے تھانہ گلیانہ کے اسسٹنٹ سب انسپیکٹر یاسر ندیم کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
Comments are closed.