وزیراعظم شہباز شریف کا ٹینکر ڈرائیور فیصل بلوچ کے لیے تمغہ شجاعت کا اعلان

اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی زندگی کو خطرے میں ڈال کر شہریوں کی زندگی بچانے والے آئل ٹینکر کے ڈرائیور فیصل بلوچ سے ملاقات کی ہے۔وزیراعظم نے اسلام آباد میں اپنے دفتر میں فیصل بلوچ سے ملاقات میں ان کی بہادری پر انہیں تمغہ شجاعت سے نوازنے کا اعلان کیا۔
شہباز شریف نے اپنے ٹویٹر پیغام میں ملاقات کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے فیصل بلوچ سے ملنے اور ان کے جرأت مندانہ کردار پر انہیں تمغہ شجاعت کے لیے نامزد کرنے پر خوشی ہے۔ وہ ایک سچے ہیرو ہیں جن بے شمار دیگر افراد کی زندگی بچانے کے لیے اپنی زندگی کو خطرے میں ڈالا۔ میں ان اس بے لوث جرأت مندانہ اقدام کو سراہتا ہوں۔

ایک ہفتہ قبل سات جون کو کوئٹہ کے علاقے قمبرانی روڈ پر ایک نجی پیٹرول پمپ پر پیٹرول خالی کرتے ہوئے ایک ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔پیٹرول پمپ پر موجود لوگوں کو بچانے کے لیے ٹینکر ڈرائیور محمد فیصل حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگ کے شعلوں میں لپٹے ٹینکر کو آبادی سے دور لے گئے۔ فیصل بلوچ کے جلتے آئل ٹینکر کو لوگوں سے دور بھگا کر لے جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی لوگوں نے انہیں سراہنا شروع کر دیا تھا اور بلوچستان کی حکومت نے بھی انہیں انعام سے نوازنے کا اعلان کیا تھا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے بھی ڈرائیور کی بہادری کو سراہتے ہوئے ان کے لیے پانچ لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا تھا۔ وزیراعلیٰ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ محمد فیصل کی جرات اور بہادری قابل ستائش ہے، انہوں نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر دوسروں کی جان بچائی ہے۔

Comments are closed.