ملکی سیاسی تاریخ میں بھٹو کے بعد عمران خان کا یہ سب سے بڑا سرپرائز ہے، چودھری پرویز الہی

عمران خان نے بھر پور انتخابی مہم چلائی، عوام تک اپنا پیغام پہنچایا اورعوام نے وفاداریاں تبدیل کرنے والوں کو انتخابات میں مسترد کردیا، چودھری پرویز الہی

لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ملک کی سیاسی تاریخ میں بھٹو کے بعد عمران خان کا یہ سب سے بڑا سرپرائز ہے، 17 جولائی کے انتخابی نتائج عمران خان کے بیانیے کی فتح ہے۔
پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا ،اجلاس میں ضمنی انتخابات میں کامیابی پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی نے کہا کہ ضمنی انتخابات کی کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں، عمران خان کی بھر پور جدوجہد کی وجہ سے یہ کامیابی ملی ہے۔ چودھری پرویز الہی نے کہا کہ جس طرح پولیس کا بے دریغ استعمال کیا اس کی مثال نہیں ملتی، ارکان نے اپنی جان کی پرواہ نہیں کی اور الیکشن میں اپنا کردار ادا کیا، جنہوں نے غیر قانونی اقدامات کئے قانون ان کے خلاف خود راستہ بنائے گا۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ عمران خان نے بھر پور انتخابی مہم چلائی، عوام تک اپنا پیغام پہنچایا اورعوام نے وفاداریاں تبدیل کرنے والوں کو انتخابات میں مسترد کردیا۔ چودھری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ ملک کی سیاسی تاریخ میں بھٹو کے بعد عمران خان کا یہ سب سے بڑا سرپرائز ہے، 17 جولائی کے انتخابی نتائج عمران خان کے بیانیے کی فتح ہے۔

Comments are closed.