کارکنان نے منحرفین کو قبول نہیں کیا، جان نہیں لڑائی، مہنگائی نے جلتی پر تیل کا کام کیا، رانا ثنا اللہ

عوام نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کو بھی رد کر کے مخالفین کو ووٹ دئیے ہیں، رانا ثنا اللہ

لاہور: وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ ضمنی انتخاب میں لیگی کارکنان نے مخالف پارٹی سے منحرف ہو کر آنے والوں کو دل سے قبول نہیں کیا، پارٹی عہدیداران اور پرانے ٹکٹ ہولڈرز نے انتخابی مہم میں جان نہیں لڑائی۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے پنجاب کے ضمنی انتخابات سے متعلق تیارہ کردہ رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی۔ اجلاس میں سابق وزیراعظم نواز شریف نے لندن سے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

پنجاب کے ضمنی انتخابات سے متعلق رپورٹ میں ہر انتخابی حلقے کے حوالے سے الگ الگ تجزیہ پیش کیا گیا ہے جس میں تمام محرکات کا احاطہ ہوا ہے۔ پارٹی قیادت کے سامنے پیش کردہ تجزیاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لیگی کارکنان نے مخالف پارٹی سے منحرف ہو کر آنے والوں کو دل سے قبول نہیں کیا، پارٹی عہدیداروں اور پرانے ٹکٹ ہولڈرز نے انتخابی مہم میں جان نہیں لڑائی۔
رپورٹ میں اعتراف کیا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کے بلوں میں ہونے والے اضافے نے مہنگائی کی شرح میں اضافہ کیا جس نے جلتی پر تیل کا کام کیا اور ہار میں بنیادی کردار ادا کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی تیار کردہ تجزیاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عوام نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کو بھی رد کر کے مخالفین کو ووٹ دئیے ہیں۔

Comments are closed.