قبل ازوقت الیکشن نہیں ہوں گے،حکومت مدت پوری کرےگی، مسلم لیگ ن
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت پارٹی کا اہم اجلاس،اتحادیوں کوفیصلے سے کل آگاہ کیا جائے گا،ضمنی الیکشن میں شکست کی وجہ لوٹوں کو ٹکٹ دینا،مہنگائی اورپٹرول کی بڑھتی قیمتیں ہیں، وزیراعظم کو رپورٹ بھی پیش
لاہور : مسلم لیگ ن نے قبل ازوقت انتخابات نہ کرانے کا فیصلہ کرلیا۔یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ن لیگ کے اجلاس میں ہوا۔جس میں پنجاب کے ضمنی انتخابات میں شکست اور دیگر سیاسی معاملات پر غور کیا گیا۔
نجی چینل نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ن لیگ کے اجلاس میں قبل ازوقت انتخابات نہ کرانےکا فیصلہ کیا گیا۔ذرائع بتاتے ہیں کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔کل اتحادی جماعتوں کو مسلم لیگ ن اپنے فیصلے سے آگاہ کرے گی۔
دوسری جانب اجلاس میں وزیراعظم کو رپورٹ پیش کردی گئی کہ ضمنی الیکشن میں ن لیگ کوشکست کیوں ہوئی؟۔رپورٹ میں کہا گیا کہ لیگی کارکنوں نے منحرف ارکان کو قبول نہیں کیا۔جان نہیں لڑائی۔مہنگائی نے جلتی پر تیل کا کام کیا۔لوٹوں کو ٹکٹ دینا۔مشکل فیصلوں کے نام پر پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کے بلوں میں اضافہ ہار کا سبب بنا۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی تجزیاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عوام نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کو بھی رد کر کے مخالفین کو ووٹ دیئے۔ضمنی انتخابات سے صرف 2 روز قبل پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا بھی کوئی فائدہ نہیں ہوا۔
Comments are closed.