انجمن تاجران نے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو ہٹانے کا مطالبہ کردیا

اسلام آباد: آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے ریٹیلر فکس ٹیکس کو مسترد کردیا ہے ان کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے بجلی بلوں پر سیل ٹیکس لگایا ہے جب کہ سیل ٹیکس امپورٹرز اور مینو فیکچررز پر لگتا ہے۔

نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اجمل بلوچ نے کہا کہ کسی سمجھدار شخص کو وزیر خزانہ لگایا جائے، مفتاح اسماعیل کے اقدامات تاجر دشمنی پر مبنی ہیں، موجودہ حکومت تاجر دوستی کے بجائے تاجر مخالف اقدامات کیے جارہی ہے۔اجمل بلوچ نے اعلان کیا کہ بجلی کے بلوں میں فکس سیل ٹیکس واپس نہ ہوا تو وزارت خزانہ کا گھیراؤ کریں گے، حکومت ٹیکس پر ٹیکس لگا رہی ہے جو ناقابل برداشت ہیں۔صدر انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا کہ حکومتی رہنما لگژری گاڑیوں میں گھومنا بند کریں، اپنے اخراجات کم کریں،موجودہ سمجھ دار تجربہ کار حکومت نے ملک کا بیڑہ غرق کردیا ہے، انکم ٹیکس ریٹیلر پر فکس ہوسکتا ہے سیلز ٹیکس نہیں ہو سکتا۔
صدر انجمن تاجران اجمل بلوچ کا کہنا تھاکہ حکومت اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بیٹھ کر مشاورت کرے، سیلز ٹیکس والے بجلی کے بل تاجر کسی صورت میں جمع نہیں کروائیں گے۔

Comments are closed.