نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد،121 مزید افرادتحویل میں لے لیے گئے

اسلام آباد/ کراچی/ لاہور: وزارت داخلہ کے حکم پر کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں ملک بھر سے مزید 121 افراد کو گرفتار کر لیا گیا جب کہ تین سو کے قریب مدارس ، اسکولوں اسپتالوں اور ڈسپنسریوں کا کنٹرول صوبائی حکومتوں نےسنبھال لیا۔

ملک بھر میں کارروائیوں کے دوران 182 مدارس، 34 اسکول و کالجز پر اب صوبائی حکومتوں کا کنٹرول  ہے، 5 اسپتال، 163 ڈسپنسریز، 184 ایمبولینسز اور 8 دفاتر بھی سرکاری تحویل میں لے لیے گئے ہیں۔

محکمہ داخلہ سندھ نے نوٹیفکیشن جاری کیا ہےکہ صوبے میں 31 اسکول ، 16 مدارس ، 9 اسپتال تحویل میں لئے گئے ہیں۔ ان کا انتظام اب تعلیم،صحت اور اوقاف کے محکمے چلائیں گے۔ رکاوٹ ڈالنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ یہ ادارے کراچی، حیدرآباد، مٹیاری، جامشورو، سانگھڑ ، بدین اور دیگر شہروں میں قائم ہیں ۔

ذرائع کے مطابق لاہور سے کالعدم تنظیموں کے انتہائی سرگرم 11 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی سی ٹی ڈی اورحساس اداروں کا آپریشن جاری ہے۔

Comments are closed.