وفاقی کابینہ کا نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کا فیصلہ

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے صرف اپنا دفاع کیا، کسی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں۔ تمام جماعتوں کو ساتھ لے کرنیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا۔ اجلاس میں وزارت داخلہ نے کالعدم تنظیموں پر پابندی سے متعلق وزیر اعظم کو بریفنگ دی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، پاک، بھارت کشیدگی سمیت 18 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کسی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں، پاکستان نے صرف اپنا دفاع کیا۔ انہوں نے نوازشریف کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

کابینہ اجلاس میں قومی سلامتی سے متعلق اہم فیصلوں پر کابینہ ارکان کو اعتماد میں لیا گیا اور نیشنل ایکشن پلان پرعمل درآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔ کالعدم تنظیموں پر پابندی سے متعلق وزارت داخلہ نے جبکہ مشیروزیراعظم ملک امین اسلم نے بھارتی جارحیت سے بالاکوٹ میں درختوں کو پہنچنے والے نقصانات پر بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے کابینہ کو بتایاکہ پاک بھارت کشیدگی میں کافی حد تک کمی آچکی ہے جبکہ صورتحال میں بہتری کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں وزیر اطلاعات فواد چودھری نے بتایا کہ قومی سلامتی کے معاملات پر سیاسی جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے نواز شریف کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وفاقی کابینہ نے پہلی قومی ٹیرف پالیسی اورائربلیو لائسنس کی تجدید کی بھی منظوری دےدی۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی   خیبرپختونخواہ اور پنجاب کی مقامی حکومتوں   کی تشکیل کے لیے مسودہ جلد پیش کیا جائے ۔

Comments are closed.