حکومت کا پی ٹی آئی کیخلاف ڈکلیئریشن سپریم کورٹ بھیجنے کا فیصلہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تحریک انصاف فارن فنڈڈ پارٹی ڈکلیئر ہو چکی ہے، تحریک انصاف کے خلاف ڈکلیئریشن سپریم کورٹ بھیجنے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے، کابینہ کے آئندہ اجلاس میں وزارت قانون ڈکلیئریشن پیش کرے گی۔

وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ تحریک انصاف نے16 اکاونٹس ڈکلیئر نہیں کیے، صرف8 اکاونٹس شو کئے، یہ اکاؤنٹس عمران خان سمیت سینئر قیادت کے نام پر کھلے، حکومت پی ٹی آئی کیخلاف پولیٹیکل پارٹیز آرڈر 2002اور پولیٹیکل پارٹیز ایکٹ 2017 کے تحت کارروائی کرنے کی پابند ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے پر تفصیلی بات ہوئی، فارن فنڈنگ کیس کا8 سال بعد تفصیلی فیصلہ آیا ہے، الیکشن کمیشن کا فیصلہ پی پی او 2002 اور الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق آیا، 8 سال کے دوران پی ٹی آئی نے کوئی جواب نہیں دیا، اسٹیٹ بینک نے تمام ریکارڈ فراہم کیا، وزیر قانون نے آئینی و قانونی پہلوؤں پر کابینہ کو مفصل بریفنگ دی، تحریک انصاف فارن فنڈڈ پارٹی ڈکلیئر ہو چکی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ اکاؤنٹس عمران خان سمیت سینئر قیادت کے نام پر کھلے، سیکریٹریٹ ملازمین کے ناموں پر پیسے ان اکاؤنٹس میں آتے رہے، 8 سالوں میں تحریک انصاف نے 51 بار التوا مانگا، ایف آئی اے کو فوری طور پر انکوائری شروع کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے، اسٹیٹ بینک اور ایف بی آر سمیت تمام ادارے فیصلے کی روشنی میں انکوائری کریں گے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کسی جماعت کو فارن فنڈڈ پارٹی ڈکلیئر کیا گیا ہے، تمام کارروائی آئین اور قانون کے مطابق ہوگی۔

وفاقی وزیراطلاعات نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں حج کے بہترین انتظامات پر مفتی عبدالشکور کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ ہیلی کاپٹر حادثے میں افواج پاکستان کے افسران و اہلکار شہید ہوئے ہیں، شہدا بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں انجام دے رہے تھے۔ حکومت نے این ڈی ایم اے او رپی ڈی ایم اے کی رپورٹس کا تفصیلی جائزہ لیا، کابینہ اجلاس میں این ڈی ایم اے کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، وزیراعظم سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا خود دورہ کررہے ہیں، وزیراعظم آج ٹانک اور رمک کے علاقے میں گئے، انہوں نے آج بھی سیلاب سے متاثرہ افراد کی فوری امداد کی ہدایت کی ہے، کابینہ اجلاس میں این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے کی کارروائیوں کو سراہا گیا۔ متاثرہ علاقوں میں نقصانات کے سروے کے لیے مفتاح اسماعیل کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، سیلاب سے نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ 75 ویں یوم آزادی پر قیدیوں کی سزاؤں میں کمی کیلئے وزارت داخلہ سے سمری منگوائی گئی ہے اور دو تہائی سزا مکمل کر لینے والے عورتوں، بچوں اور بزرگوں کی سزاؤں میں کمی کی تجاویز مانگی گئی ہیں۔

Comments are closed.