بھارتی ہائی کمشنر اسلام آباد پہنچ گئے، سہیل محمود کی نئی دہلی روانگی

اسلام آباد: بھارت کے پاکستان کے لیے ہائی کمشنر اجے بساریہ نے اسلام آباد پہنچ کر چارج سنبھال لیا ہے، پاکستانی ہائی کمشنر سہیل محمود واہگہ سے براستہ امرتسر نئی دہلی کے لیے روانہ ہو گئے۔

بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ اسلام آباد پہنچ گئے ہیں،  انہوں نے بھارتی ہائی کمیشن میں چارج سنبھال لیا ہے، اجے بساریہ کو پلوامہ حملے کے بعد 15 فروری کو بھارت طلب کیا گیا تھا،  جس کے بعد نئی دہلی میں تعینات پاکستانی ہائی کمشنرسہیل محمود کو18 فروری کو اسلام آباد بلا لیا گیا تھا۔

ذرائع دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی ہائی کمشنرسہیل محمود نئی دہلی کیلئے روانہ ہوگئے، وہ سرکاری گاڑی میں واہگہ سے امرتسر پہنچیں گے، پاکستانی ہائی کمشنر امرتسر سے ایئر انڈیا کی پرواز 115  کے ذریعے آج ہی نیو دہلی پہنچیں گے۔

پاک بھارت کشیدگی کے دوران دونوں ملکوں کے ہائی کمشنرز اپنے اپنے ممالک میں ہونے والے مشاورتی عمل کا حصہ رہے ہیں۔

Comments are closed.