شہبازگل کا مزید دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

ایڈیشنل سیشن جج نے پولیس کی نظرثانی درخواست پر فیصلہ سنا دیا، شہباز گل کو دوبارہ پولیس کے حوالے کرنے کا حکم

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے شہباز گل کے مزید دو روزہ جسمانی ریمانڈ کی نظرثانی درخواست منظور کر لی۔عدالتی فیصلے کے بعد پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کو دوبارہ دو روز کے لیے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔

شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد ہونے کے خلاف پولیس کی نظرثانی درخواست پر سماعت ہوئی، اس موقع پر اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر راجا رضوان عباسی اور شہباز گل کے وکلاء سلمان صفدر اور فیصل چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔پولیس کے تفتیشی افسر نے ریکارڈ عدالت میں پیش کیا جس کے بعد دلائل کا آغاز ہوا۔ پراسیکیوٹر نے دلائل میں کہاکہ شہباز گل سے تفتیش مکمل نہیں ہو سکی ، ان سے اصل سمارٹ فون بر آمد کرنا ہے اور اس سازش کے پس پردہ کرداروں کا بھی سراغ لگانا ہے ، شہبازگل کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے کہاکہ شہباز گل پہلے ہی دن موبائل فون پولیس کے حوالے کر چکے ہیں، میرے موکل کا ٹی وی پر دیا گیا بیان آج بھی موجود ہے ، پولیس کی جانب سے مزید جسمانی ریمانڈ کا مقصد ان پر تشددکے ذریعے مرضی کا بیان لیناہے ، لہذا استدعا مستر دکی جائے۔‏

اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر اور شہباز گل کے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے پرعدالت نے فیصلہ محفوظ کیا جو تین گھنٹے بعد سنایا گیا۔ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری نے فیصلے میں کہاکہ مطمئن ہیں کہ شہباز گل سے تفتیش مکمل نہیں ہوئی، اس لیے کیس کی تفتیش مکمل کرنے کے لیے مزید 48 گھنٹوں کے لیے شہباز گل کو پولیس کے حوالے کیا جائے۔واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایڈیشنل سیشن جج کو جسمانی ریمانڈ کے لیے پولیس کی نظرثانی درخواست دوبارہ سن کر فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔

Comments are closed.