نیوٹرلز سے کہتا ہوں اب بھی وقت ہے اپنی پالیسی پرنظرثانی کریں،عمران خان
بند کمروں میں ہونے والے فیصلے درست نہیں ہوتے،جتنا مرضی آپ کہیں کہ نیوٹرل ہیں،تاریخ میں لوگ آپ کو قصوروارٹھہرائیں گے،آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ ہم نیوٹرل ہیں،چوروں کے مسلط ہونے پر بڑی تعداد میں لوگ باہرنکلے جو پہلے کبھی نہیں ہوا،سوشل میڈیا کے بچوں کو اٹھا کر ان سےعمران خان کے خلاف بیانات دلوائے جاتے ہیں،سیمینار سے خطاب
اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آزاد انسان بڑے کام کرتے ہیں۔غلام بڑے کام نہیں کرتے۔چاہتا ہوں کہ میری قوم آزاد ہو۔نیوٹرلز ابھی بھی وقت ہے اپنی پالیسی پر نظر ثانی کریں۔بند کمروں میں ہونے والے فیصلے درست نہیں ہوتے۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آزاد میڈیا سے کبھی خوف محسوس نہیں ہوا۔وہ معاشرے ترقی کر گئے جہاں پرآزادی ہے۔ریاست مدینہ میں تمام شہری قانون کی نظرمیں برابر تھے۔جب ایچی سن کالج سے نکلا تو مجھے تاریخ اوراسلام کا زیادہ آئیڈیا نہیں تھا۔ برطانیہ جانے کے بعد بہت ساری چیزوں کا میں نے خود جائزہ لیا۔انسان جب تک ذہنی طورپر آزاد نہیں ہوتا۔تب تک بڑے کام نہیں کرسکتا۔غلامی ایک لعنت ہے اس سے انسان احساس کمتری کا شکار ہو جاتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ آزاد انسان بڑے کام کرتے ہیں۔حقیقی آزادی کی بات اس لیے کرتا ہوں کہ میری قوم آزاد ہو جائے۔مجھے کبھی آزادمیڈیا سے خوف محسوس نہیں ہوا۔مڈل ایسٹ میں اظہاررائے کی آزادی نہیں ہے۔نوازشریف جب وزیراعظم بنے تو تین سال میں17 فیکٹریاں بنائیں۔میں نے برطانیہ کے نظام کو دیکھا ہے، اپنے ملک کو آگے دیکھنا چاہتا ہوں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ میں کرپشن کے خلاف آیا تھا۔جنرل مشرف بھی اقتدار کیلئے آئے تھے۔ان دو پارٹیوں نے ایک دوسرے پر کرپشن کے کیسز بنائے۔جہاں قانون کی عملداری نہیں ہوتی۔وہاں کرپشن ہوتی ہے۔مشرف کی سپورٹ کرتے رہے کہ وہ کرپشن کو ختم کرے گا۔لیکن مشرف نے ان لوگوں کو این آراو دے دیا۔اسٹیبلشمنٹ سے سوال پوچھتا ہوں آپ نے کیسے ان لوگوں کومسلط کیا؟۔آپ خود ان کی کرپشن کے بارے میں بتایا کرتے تھے۔ سلیمان شہباز کک بیکس لینے کیلئے چین جاتے تھے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ نیب پرکنٹرول ہوتا تو 15،20 لوگوں سے اربوں روپے نکلوا لیتا۔معاشرہ تباہ کرنا ہوتو اخلاقیات ختم کردیں۔قوم اچھے برے کی تمیزختم کردے تو وہ تباہ ہو جاتی ہے۔عوام کاچوری ہوا پیسہ معاف کرنا کسی کا حق نہیں۔ نواز شریف کی لندن میں چار ارب روپے کی پراپرٹی ہے۔نواز شریف کے بیٹے نے خود لندن میں جائیداد کا اعتراف کیا۔
عمران خان ںے کہا کہ ڈونلڈ لو کا سائفر سب کے پاس ہے۔اسٹیبلشمنٹ کے پاس طاقت ہے اس کے ساتھ ذمہ داری بھی ہے۔جتنا مرضی آپ کہیں کہ نیوٹرل ہیں۔ تاریخ میں لوگ آپ کو قصوروارٹھہرائیں گے۔آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ ہم نیوٹرل ہیں۔چوروں کے مسلط ہونے پر بڑی تعداد میں لوگ باہرنکلے جو پہلے کبھی نہیں ہوا۔سوشل میڈیا کے بچوں کو اٹھا کر ان سےعمران خان کے خلاف بیانات دلوائے جاتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ جس نے فوج کے خلاف ٹویٹ کیا اسے اٹھا لیا جاتا ہے۔ سوشل میڈیا کے بچوں سے کہلوایا جاتا ہے کہ کہو کہ ٹویٹ میں نے کروایا۔سیاسی استحکام صاف اور شفاف الیکشن سے آئے گا۔ان چوروں کے نیچے زندگی گزارنے سے موت بہترہے۔
Comments are closed.