مون سون کی بارشوں اور سیلاب : جون سے اب تک 937 افراد جاں بحق
ملک کے مختلف حصوں میں طوفانی بارشیں اور سیلاب،14 جون سے اب تک 937 افراد جاں بحق ، 21ہزار مکانات تباہ،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 34 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
اسلام آباد : این ڈی ایم اے نے مون سون کی بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصان کی رپورٹ جاری کردی۔14 جون سے اب تک 937 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، بلوچستان اور سندھ کے متعدد اضلاع میں اربن اور فلیش فلڈنگ کی وارننگ بھی جاری کر دی گئی۔
این ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق سیلاب اور بارشوں سے ابتک سندھ میں 306 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں 138 بچے اور 48 خواتین شامل ہیں۔ بلوچستان میں 69 بچوں اور 55 خواتین سمیت 234 افراد جان کی بازی ہار گئے ۔خیبر پختونخوا میں 185 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 94 بچے اور36 خواتین شامل ہیں۔ این ڈی ایم اے رپورٹ میں کہا گیاہے کہ پنجاب میں 14جون سے اب تک 165 افراد بارشوں اور سیلاب میں اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جن میں 39بچے اور 42خواتین بھی شامل ہیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ نے سندھ،جنوبی پنجاب اور مشرقی بلوچستان میں شدید بارشوں کا امکان ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ کراچی اور حیدر آباد سمیت اندرون سندھ کے متعدد اضلاع میں اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔ کوئٹہ ،قلعہ سیف اللہ،، زیارت،ہرنائی اور پشین میں بھی فلیش فلڈ کا خدشہ ہے۔
Comments are closed.