جہلم: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے گھس کر مارنے کی بڑھکیں مارنے والےنریندر مودی کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کہتے تھے گھس کر ماریں گے ، گھس کر دیکھ لیا ناں ! پھر کیا بنا ؟ ہم نے انہیں سبق سکھا دیا۔
جہلم میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی امن پسندانہ پالیسی نےجنگ کو ٹال دیا اور یہی وجہ ہے کہ امریکی میڈیا کہتا ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم کو نوبل کا انعام دینا چاہیے کیونکہ انہوں نے دنیا کو اتنی بڑی جنگ سے بچایا ہے۔ آج خلیجی ریاستوں سمیت دنیا عمران خان کو عزت و احترام دے رہی ہے، عمران خان کو ملنے والی عزت دراصل پاکستان اور پاکستانی قوم کی عزت ہے، پوری قوم عمران خان کے پیچھے کھڑی ہے۔ اگر عمران خان کو عزت ملتی ہے تو پاکستان کو عزت ملتی ہے مگر جو لوگ اسمبلی میں عمران خان کا مذاق اڑاتے ہیں ان کے نزدیک فوج کا بھی کوئی احترام نہیں ہے۔
اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ خورشید شاہ کہتے ہیں کہ نوازشریف کو کچھ ہوا تو مقدمہ عمران خان پر کریں گے دراصل ان کو نوازشریف کی نہیں بلکہ اپنے جیل جانے کی فکر ہے، انہوں نے جو کرتوت کیے وہ سب کے سامنے ہیں،حکومت کا اپوزیشن سے کوئی جھگڑا نہیں صرف ایک لڑائی ہے کہ عوام کے پیسوں کا حساب دو، ہم کہتے ہیں ’نہ رو‘، ’حساب دو‘، وہ کہتے ہیں این آر او۔۔۔ جس سے حساب مانگا جائے وہ بیمار ہو جاتا ہے۔
Comments are closed.