آرمی چیف کی تقرری میں جلد بازی نہیں کریں گے، وزیردفاع خواجہ آصف
اس تقرری میں ابھی تین ماہ باقی ہیں اور حکومت اس ضمن میں جلد بازی میں فیصلہ کرے گی اور نہ ہی کسی کے دباؤ میں آکر آرمی چیف کا تقرر کیا جائے گا۔آرمی چیف کی تقرری کے معاملے پر ادارے کا تقدس اور وقار بحال رکھنا ان کی حکومت کے لیے مقدم ہے، خواجہ آصف
اسلام آباد : وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت آرمی چیف کی تقرری کے معاملے میں کسی کے دباؤ میں آکر کوئی فیصلہ نہیں کرے گی اور آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق سابق وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ان کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
عالمی جریدے سے بات کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کے چیف آف آرمی اسٹاف کی تقرری سے متعلق متنازع بیان پر کسی قانونی کارروائی سے قبل ان کے اس بیان کی تحقیقات کی جائیں گی۔
نئے آرمی چیف کی تقرر سے متعلق سوال پر خواجہ آصف نے کہا کہ اس تقرری میں ابھی تین ماہ باقی ہیں اور حکومت اس ضمن میں جلد بازی میں فیصلہ کرے گی اور نہ ہی کسی کے دباؤ میں آکر آرمی چیف کا تقرر کیا جائے گا۔آرمی چیف کی تقرری کے معاملے پر ادارے کا تقدس اور وقار بحال رکھنا ان کی حکومت کے لیے مقدم ہے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اگر کوئی شخص ادارے کا وقار مجروح کرنے کی کوشش کررہا ہے تو ہمیں اس کے دباؤ میں آکر کوئی ایسا قدم نہیں اٹھانا چاہیے جو روایتی طور پر غلط ہو۔ اس لیے جلد بازی کی کوئی ایسی ضرورت نہیں ہے۔ آپ پاکستان کی 75 سالہ تاریخ میں کوئی ایک واقعہ بتائیں کہ دو تین ماہ یا ایک ماہ پہلے بھی کسی آرمی چیف کی تقرری ہوئی ہو۔
Comments are closed.