پاکستان کو پائپ لائن کے ذریعے گیس کی فراہمی ممکن ہے:روسی صدر

وزیراعظم شہباز شریف کی سمرقند میں ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات،دوطرفہ تعلقات پرتبادلہ خیال،وزیراعظم کی ترک،ایرانی،ازبک،تاجک اوربیلاروسی صدور سے بھی ملاقاتیں

سمر قند: صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا ہے کہ روس سے پاکستان کو پائپ لائن کے ذریعے گیس کی فراہمی ممکن ہے۔روسی صدر نے یہ یقین دہانی وزیراعظم میاں شہباز شریف سے ازبکستان کے شہر سمر قند میں منعقدہ شنگائی تعاون سربراہی اجلاس کے موقع پر سائیڈ لائن پر ہونے والی ملاقات میں کرائی۔

عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر اور وزیراعظم میاں شہباز شریف سے ملاقات میں کہا کہ روس سے پاکستان تک گیس پائپ لائن کا بنیادی انفرا اسٹرکچر پہلے سے ہی موجود ہے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق سمر قند میں وزیراعظم کی ازبکستان کے صدر سے بھی ملاقات ہوئی۔جس میں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان موجود دو طرفہ تعلقات سمیت دیگر متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم نے سیلاب متاثرین کیلئےامداد بھیجنے پر صدر شوکت مرزا یوف کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے مابین سیاسی تعلقات۔تجارت اور اقتصادی تعاون کو بڑھانے کی اہمیت پر زوردیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ دفاع ، سیکیورٹی، تعلیم اورسیاحت کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔آزادانہ ویزہ نظام سے دونوں ممالک کی تاجر برادری کو سہولت میسرآئے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ٹرانس افغان ریلوے منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے افغانستان کے اندر فیلڈ مہم کی کامیاب تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا۔ملاقات میں بین الحکومتی کمیشن کا اجلاس جلد بلانے پر اتفاق کیا گیا۔وزیراعظم صدر شوکت مرزایوف کو دورہ پاکستان کی بھی دعوت دی۔وزیراعظم میاں شہباز شریف کی کرغستان کے صدر سیدر جاپا روف سے بھی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہبازشریف کی بیلاروس۔ترک صدر اور ایرانی صدر سے بھی ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

Comments are closed.