امریکی سائفر سے متعلق عمران خان کی ایک اور آڈیو لیک
کسی کے منہ سے امریکا کا نام نہیں سننا چاہتا ،عمران خان کی آڈیو میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور اعظم خان کی گفتگو
اسلام آباد : مبینہ دھمکیوں سے متعلق امریکی سائفر کے حوالے سے سابق وزیراعظم عمران خان کی ایک اور آڈیو سامنے آگئی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں واضح طور پر سنا جا سکتا ہے کہ عمران خان پارٹی رہنماؤں کے ساتھ امریکی سائفر سے متعلق گفتگو کر رہے ہیں۔
آڈیو میں عمران خان، شاہ محمود قریشی کو مخاطب کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں اچھا شاہ جی، کل ہم تینوں نے اور وہ ایک فارن سیکرٹری نے میٹنگ کرنی ہے، ہم نے کہنا ہے کہ وہ جو لیٹر ہے نا اس کے چپ کر کے مرضی کے منٹس لکھ دے، اعظم خان کہہ رہا ہے کہ اس کے منٹس بنا لیتے ہیں، اسے فوٹو اسٹیٹ کر کے رکھ لیتے ہیں.
سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کہتے ہیں کہ ’یہ سائفر 8 یا 9 کو آیا ہے، جس پر عمران خان کہتے ہیں کہ میٹنگ 7 کو ہوئی تھی، ہم نے تو کسی صورت امریکا کا نام لینا ہی نہیں ہے، اس ایشو پر پلیز کسی کے منہ سے ملک کا نام نہ نکلے، یہ آپ سب کے لیے بہت اہم ہے کہ کس ملک سے لیٹر آیا ہے، میں کسی کے منہ سے اس کا نام نہیں سننا چاہتا۔
آڈیو میں اسد عمر کہہ رہے ہیں کہ آپ جان کر اسے لیٹر کہہ رہے ہیں، یہ لیٹر نہیں میٹنگ کی ٹرانسکرپٹ ہے، جس پر عمران خان انہیں ٹوکتے ہوئے کہتے ہیں کہ وہی ہے نا میٹنگ کی ٹرانسکرپٹ ہے یا لیٹر ہے ایک ہی چیز ہے، لوگوں کو ٹرانسکرپٹ کی تو سمجھ نہیں آنی تھی نا، آپ پبلک جلسے میں ایسے ہی کہتے ہیں۔
Comments are closed.