سندھ حکومت کی کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست مسترد

بلدیاتی انتخابات کے دوران سکیورٹی یقینی بنائی جائے، الیکشن کمیشن کی صوبائی حکومت کو ہدایت، الیکشن کمیشن 12 حلقوں میں ضمنی الیکشن کے انعقاد کے لیے بھی پُرعزم

اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی صوبائی حکومت کی درخواست مسترد کردی۔الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کو ہدایت کی ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے دوران سکیورٹی یقینی بنائی جائے ۔
چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس ہوا ۔ حکام نے اجلاس کو بتایاکہ سندھ پولیس سیلاب متاثرہ علاقوں میں مصروف ہے جس کے باعث بلدیاتی انتخابات کیلئے سکیورٹی کی فراہمی ممکن نہیں۔صوبائی حکومت نے الیکشن کمیشن سے کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کی ہے،الیکشن کمیشن نے کہاکہ الیکشن ملتوی نہیں ہوں گے ، صوبائی حکومت کراچی ڈویژن میں الیکشن کے دوران پولیس کی تعیناتی یقینی بنائے۔
دوسری جانب سیکرٹری الیکشن کمیشن نے اجلاس کو بتایا کہ 16اکتوبر کو قومی اسمبلی کے9 اور پنجاب اسمبلی کے 3حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی کہ وزارت داخلہ و دفاع سے دوبارہ رابطہ کرتے ہوئے حساس پولنگ اسٹیشنز پر پاک فوج، رینجرز اور ایف سی کی تعیناتی کو یقینی بنایاجائے ۔ اجلاس میں یہ بھی کہاگیاکہ ضمنی انتخابات کے انعقاد کے لئے وفاقی حکومت سے 600 ملین کی رقم مانگی تھی جوابھی تک فراہم نہیں کی گئی۔رقم کی عدم فراہمی سے انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہوگا۔ بلدیاتی انتخابات کیلئے بھی صرف 25فیصد رقم فراہم کی گئی ہے جس سے انتخابات کے انعقاد میں مشکلات درپیش ہیں۔

Comments are closed.