رانا ثنا اللہ کی گرفتاری نا ممکن،اینٹی کرپشن کی ٹیم وارنٹ کی تعمیل میں پھرناکام

سینئر سول جج راولپنڈی کی وزیرداخلہ کواشتہاری قرار دے کر توہین عدالت کی کارروائی کرنے کی استدعا مسترد،گرفتاری کا حکم،اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم دوبارہ تھانہ سیکرٹریٹ پہنچی،وارنٹ ایس ایچ او کے حوالے، پولیس پرعدم تعاون کا الزام،وفاقی پولیس کا غلط بیانی پر کارروائی کاعندیہ

اسلام آباد : اینٹی کرپشن پنجاب کےلئے وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ کی گرفتاری مشکل بن گئی۔

اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم سینئر سول جج راولپنڈی کے حکم پر رانا ثنا اللہ کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کےلئے ایک بار پھرتھانہ سیکرٹریٹ پہنچی لیکن مایوسی ہوئی۔ٹیم کے ارکان کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او نے وارنٹ کی تعمیل نہیں کرائی نہ کوئی تعاون کیا۔۔عدالت کو کل آگاہ کرینگے۔دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے غلط بیانی پر اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم کےخلاف قانونی کارروائی کا عندیہ بھی دے دیا۔

وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کا معاملہ پھر لٹک گیا۔سینئر سول جج راولپنڈی غلام اکبر کے حکم پر اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم رانا ثنا اللہ کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کےلئے دوبارہ اسلام آباد کے تھانہ سیکرٹریٹ پہنچی۔

ٹیم نے وارنٹ گرفتاری اور عدالتی احکامات ایس ایچ او تھانہ سیکرٹریٹ اشفاق وڑائچ کے حوالے کئے۔۔۔ایس ایچ او نے اعلیٰ حکام کو فون پر تمام صورتحال سے آگاہ کیا۔تھانہ سیکرٹریٹ پولیس نے اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم اور گاڑیوں کو تھانے سے باہر نکلوا دیا۔محکمہ اینٹی کرپشن کے افسر نے میڈیا سے گفتگو پولیس کے نامناسب رویے کی شکایت کی۔

اس سے پہلے صبح رانا ثنا اللہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری سے متعلق راولپنڈی کی خصوصی عدالت کے جج غلام اکبرنے سماعت کی۔دوران سماعت اینٹی کرپشن پنجاب کے حکام نے بتایا کہ راناثنااللہ نے جان بوجھ کر خود کو چھپالیا ہے۔انہیں اشتہاری قراردے کرتوہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔عدالت نے یہ استدعا مسترد کرتے ہوئے حکم دیا کہ راناثنااللہ کی گرفتاری کیلئے کوشش جاری جائیں۔

دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ تھانے میں باقاعدہ وارنٹ گرفتاری وصول کئے گئے۔ٹیم کی آمد و روانگی کا اندراج بھی کیا گیا۔اینٹی کرپشن پنجاب نے ریکارڈ دینے سے انکارکیا۔ٹیم کو ہدایت کی گئی کہ مروجہ طریقہ کار کے مطابق قانونی راستہ اختیار کریں۔اسلام آباد پولیس تمام عدالتوں کے احکامات کی تعمیل کے لئے ہروقت حاضر ہے۔قانونی ضوابط کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Comments are closed.