حکومت کی ضمنی اور بلدیاتی انتخابات 90 روز کیلئے ملتوی کرنے کی استدعا مسترد

تمام انتخابات شیڈول کے مطابق مقررہ وقت پر ہوں گے، صرف این اے 45 کرم میں امن و امان کے باعث الیکشن ملتوی کرنے کا فیصلہ، الیکشن کمیشن

اسلام آباد : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزارت داخلہ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ملک بھر میں ضمنی اور بلدیاتی انتخابات شیڈول کے مطابق کرانے کا ا علان کر دیا۔ قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات 16اکتوبر کو جبکہ کراچی ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات 23اکتوبر کو ہی ہونگے۔

چیف الیکشن کمشنر اسکندر سلطان راجاکی زیر صدارت اجلاس میں وزارت داخلہ کی جانب سے 90روز کے لیے ضمنی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست پر غور کیا گیا، وفاق کے نمائندوں کو سننے کے بعد سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بریفنگ دی کہ الیکشن کمیشن قومی اسمبلی کی 9 ،صوبائی اسمبلی کی 3 اور کراچی ڈویژن کے تمام اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلہ کےلئے انتظامات مکمل کر چکا ہے اور انتخابات کے انعقادکے لیے تیار ہے۔

بریفنگ کی روشنی میں چیف الیکشن کمشنر نے ملک کے صوبائی اور قومی اسمبلی کے ضمنی انتخابات مقررہ وقت پر کرانے کا اعلان کر دیا۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیاکہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے انتخابات مقررہ وقت پر کرائے جائیں گے۔الیکشن کمیشن اعلامیہ کے مطابق قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات 16اکتوبر کو جبکہ کراچی ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات شیڈول کے مطابق 23اکتوبر کو ہی ہونگے۔۔

Comments are closed.