پی ٹی آئی لانگ مارچ سے نمٹنے کیلئے 41 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس،وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے خلاف جاری وارنٹ گرفتاری کی مذمت

اسلام آباد : وفاقی کابینہ نے تحریک انصاف کے ممکنہ لانگ مارچ اور دھرنے سے نمٹنے کے لیے  اکتالیس کروڑ روپے گرانٹ کی منظوری دے دی ۔ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کابینہ کو بتایاکہ محکمہ اینٹی کرپشن نے غلط ریکارڈ پیش کرکے وارنٹ گرفتاری حاصل کیے۔

وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے لانگ مارچ اور وفاقی دارالحکومت میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اقدامات پر بریفنگ دی جس کے بعد کابینہ نے فنڈز کی منظوری دے دی ، یہ رقم لانگ مارچ اور دھرنے کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کیلئے خرچ کیے جائیں گے ، اجلاس میں وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ محکمہ اینٹی کرپشن نے غلط ریکارڈ پیش کرکے وارنٹ گرفتاری حاصل کیے، کابینہ نے محکمہ انیٹی کرپشن کی جانب سے حاصل وارنٹ گرفتاری کی سخت مذمت کی۔ دوسری جانب مبینہ آڈیو لیکس اور سائفر گمشدگی پر بریفنگ کے دوران سرکاری افسران کو کابینہ روم سے باہر نکال دیا گیا۔

کابینہ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کےلئے زمین کی الاٹمنٹ، پاکستان آن لائن ویزہ سسٹم میں نئے ممالک کی شمولیت کی منظوری دے دی۔وزیراعظم نے  وزارت توانائی کے انرجی کنزرویشن پلان پر  وزیرِ دفاع خواجہ آصف کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرنے کی بھی ہدایت کردی۔کابینہ اجلاس میں ڈالر کی قدر میں کمی پر اظہار اطمینان کیا گیا جبکہ شرکاء کو سیلاب متاثرین کی بحالی کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی منظوری دے دی گئی۔

Comments are closed.