قومی اسمبلی کے آٹھ ، صوبائی اسمبلی کے تین حلقوں میں ضمنی انتخابات آج ہوں گے
الیکشن کمیشن کی جانب سے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے،انتخابی عملہ اور سامان پولنگ اسٹیشنز پر پہنچ گیا،صوبائی اور وفاقی سطح پر کنٹرول روم بھی قائم کر لیا گیا، ترجمان الیکشن کمیشن
اسلام آباد : قومی اسمبلی کے آٹھ اورصوبائی اسمبلی کے تین حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ آج ہوگی ۔ایف سی ، رینجرز اور پولیس فورس سکیورٹی کے فرائض سر انجام دے گی ،صوبائی اور وفاقی سطح پر کنٹرول روم بھی قائم کر دئیے گئے ۔ سات سو سینتالیس پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس جبکہ چھ سو چورانوے کو حساس قراردیا گیاہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق گیارہ حلقوں میں کل 24 لاکھ 60 ہزارمرد اور 20 لاکھ 28 ہزار خواتین ووٹرز ہیں، ان حلقوں میں 2937 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 747 انتہائی حساس جبکہ 694 کو حساس قرار دیا گیاہے۔ سکیورٹی کے لئے پولیس، رینجرز اور پاک فوج کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ ضمنی انتخابات کی مانیٹرنگ کیلئے الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں مرکزی کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے اور چیف الیکشن کمشنر تمام انتخابی عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ پولنگ میں ہنگامہ آرائی اور مداخلت کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی سامان کی وصولی سے نتائج تک پریزائیڈنگ افسران کو سیکورٹی فراہم کی جائیگی ۔ پریزائیڈنگ افسران فارم 45 کی تصویر ریٹرنگ افسر کو واٹس ایپ کرینگےاوراصل کاپی حوالے کی جائیگی۔ پریزائیڈنگ افسر دستخط شدہ فارم 45 کی کاپی ایجنٹ کو دینے کا بھی پابند ہوگا۔ کنٹرول روم صبح 7 بجے سے نتائج مکمل ہونے تک آپریشنل رہیں گے۔ قومی اور صوبائی کے جن 11 حلقوں میں ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں ا ن میں این اے 22 مردان،این اے 24 چارسدہ،این اے 31 پشاور،این اے 237 ملیر ، این اے 239 کورنگی، این اے 108 فیصل آباد،این اے 118 ننکانہ صاحب، این اے 157 ملتان ، پی پی 139 شیخوپورہ،پی پی 241 بھاولنگر اورپی پی 209 خانیوال شامل ہیں۔
Comments are closed.