بیرسٹرفہد ملک قتل کیس:تینوں ملزمان کوعمرقید کی سزا
ملک طارق کے قتل کی کوشش پر ملزمان کو دس،دس سال الگ سے سزا کاٹنا ہوگی،بیرسٹر فہد ملک کو 2016 میں اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹین میں قتل کیا گیا تھا
بیرسٹر فہد ملک قتل کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا۔عدالت نے تینوں ملزمان راجہ ارشد، راجہ ہاشم اور نعمان کھوکھر کو عمر قید کی سزا سنادی۔ملک طارق کے قتل کی کوشش پر ملزمان کو دس دس سال الگ سے سزا کاٹنا ہوگی۔
اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عطا ربانی نے بیرسٹر فہد ملک قتل کیس کی سماعت کی۔ملزمان کو عدالت میں پیش کرکے حاضری لگوائی اور واپس بخشی خانے بھیج دیا۔
سیشن عدالت کے جج عطا ربانی نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے تینوں ملزمان راجہ ارشد ، نعمان کھوکھر اور راجہ ہاشم کو عمر قید کی سزا سنا دی اور حکم دیا کہ اٹک والے ملزمان بھی پہلے راولپنڈی سنٹرل جیل لیکر جائیں۔
جج عطاء ربانی نے اپنے تحریری فیصلے میں کہا کہ ملک طارق کے قتل کی کوشش پر ملزمان کو دس دس سال اور دفعہ 148 اور 149 کے تحت بھی مزید تین تین سال الگ سزا کاٹنا ہوگی۔اس کے علاوہ عدالت نے تینوں ملزمان کو فہد ملک کی فیملی کو پانچ پانچ لاکھ روپے معاوضہ ادائیگی کا بھی حکم دیا۔
بیرسٹر فہد ملک کو 2016 میں اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹین میں قتل کیاگیاتھا۔بیرسٹر فہد کے بھائی جواد سہراب ملک اور خاندان کو کیس کے دوران دھمکیاں بھی دی گئیں۔مگر اسکے باوجود جواد سہراب ملک کے کیس کی پیروی جاری رکھی۔
Comments are closed.