شفاف انتخابات سیاسی و معاشی بحران سے نجات کا واحد ذریعہ، عمران خان
قانون کے دائرے میں رہ کر تحریک کو بھرپوراندازمیں منطقی انجام تک پہنچانے کی تیاری کررہے ہیں، حقیقی آزادی کی تحریک ملک میں قانون کی حکمرانی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی، عمران خان کی نیشنل پریس کلب اور راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے وفد سے گفتگو
اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ فوری طورپر صاف و شفاف انتخابات کا انعقاد سیاسی و معاشی بحران سے نجات کا واحد ذریعہ ہے۔سابق وزیراعظم عمران خان نے یہ بات نیشنل پریس کلب اور راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔
اس موقع پر عمران خان کے چیف آف اسٹاف سینیٹر شبلی فراز، مخدوم شاہ محمود قریشی اور پی ٹی آئی کے ہیڈ آف میڈیا افیئرز فواد چودھری سمیت دیگر بھی موجود تھے۔عمران خان سے ہونے والی ملاقات میں میڈیا کارکنان کو درپیش مسائل اور فلاحی اقدامات کی ضرورت پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی سیاسی جدوجہد آئین و قانون کی بالا دستی سے عبارت ہے، قانون کی حکمرانی کے بغیر خوشحال معاشرے کی تشکیل کا تصور ہی محال ہے۔کرپٹ اشرافیہ نے محض اپنے مفادات کیلئے دستور و قانون کی پامالی کا کلچر پروان چڑھایا، میڈیا پراعلانیہ و غیر اعلانیہ بندشوں کی نظیر کسی آمر کے دور سے لانا بھی ناممکن ہے، دہشت گردی کے پرچوں کے اندراج سے لے کر چینلوں کی بندشوں تک ہر حربہ آزمایا جارہا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی حقیقی آزادی کی تحریک ملک میں قانون کی حکمرانی کا پیش خیمہ ثابت ہوگی، اہل قلم و دانش پر لازم ہے کہ ظلم و لاقانونیت کے خلاف کسی مصلحت کا شکار ہوئے بغیر آواز بلند کریں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ قانون کے دائرے میں رہ کر تحریک کو بھرپوراندازمیں منطقی انجام تک پہنچانے کی تیاری کررہے ہیں۔
Comments are closed.