سندھ : متاثرین سیلاب میں امداد کی تقسیم کی نگرانی میں ججزکا کردار ختم

ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق شہریوں پر مشتمل کمیٹیاں حکومت اداروں کے ساتھ کام کریں گے،امداد تقسیم سے متعلق رپورٹس ہائیکورٹ میں جمع کروائی جائیں گی،ہائیکورٹ کا بہت احترام ہے،راستے میں نہیں آئیں گے،از خود نوٹس لینا ہم نے بند کردیا ہے اب ایک طریقہ کار ہے، سپریم کورٹ

اسلام آباد : سپریم کورٹ نے سندھ میں متاثرین سیلاب میں امداد کی تقسیم کی نگرانی میں ججز کا کردار ختم کردیا۔عدالت نے قرار دیا ہے کہ ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق شہریوں پر مشتمل کمیٹیاں حکومت اداروں کے ساتھ کام کریں گے۔امداد تقسیم سے متعلق رپورٹس ہائیکورٹ میں جمع کروائی جائیں گی۔
چیف جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سندھ کے سیلاب متاثرین امداد تقسیم میں ججز کی سربراہی میں کمیٹیاں تشکیل دینے کے حکم کے خلاف اپیل پر سماعت کی۔
دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ کیس ہائیکورٹ میں ابھی زیر سماعت ہے سارے ایشوز وہیں اٹھائے جائیں۔ہائیکورٹ کا بہت احترام ہے۔راستے میں نہیں آئیں گے۔از خود نوٹس لینا ہم نے بند کردیا ہے اب ایک طریقہ کار ہے۔
جسٹس منصورعلی شاہ نے استفسارکیاکہ عدالت کو زمینی حقائق بتادیں۔کیا این ڈی ایم اے قانون میں شہریوں سے معاونت کا کوئی طریقہ کار موجود ہے۔ایڈووکیٹ جنرل سندھ کا کہنا تھا کہ سیکشن 7 صوبائی اور ضلعی سطح پر کمیٹیاں بنانے کی اجازت دیتا ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ ہم تحریری حکم جاری کریں گے۔

Comments are closed.