بھارتی جنگی اخراجات پاکستانی دفاعی بجٹ میں اضافے کی وجہ قرار

اسلام آباد: عالمی بینک نے قرار دیا ہے کہ بھارت کے بھاری جنگی اخراجات کی وجہ سے پاکستان بھی دفاعی بجٹ بڑھانے پر مجبور ہے، رپورٹ میں پاکستان کی عمر سو سال ہونے تک سماجی شعبے کیلئے کئی اہداف مقرر کئےگئے ہیں۔

عالمی بینک کی رپورٹ میں بھارت کے دفاعی بجٹ میں مسلسل اضافے کو پاکستان کےبجٹ میں عدم توازن کی وجہ قرار دیا گیا ہے۔ اور تجویز دی گئی ہے کہ پاکستان کیلئے 2047 میں 100ویں سالگرہ سےپہلےسماجی شعبوں کی ترقی کے اقدامات ہونے چاہئیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ سال 1999 میں بھارت کا دفاعی بجٹ پاکستان سے 4 گنا ، سال  2005 میں 5 گنا زیادہ تھا ، 2011 میں بھارت نےدفاعی بجٹ بڑھا کر پاکستان سے 7 گنا کر دیا ۔ کشیدہ صورتحال کے باعث پاکستان کو بھی دفاعی اخراجات بڑھانا پڑتے ہیں ، جس سے سماجی شعبے کا بجٹ متاثر ہو رہا ہے ۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو 2047 تک تعلیم پر5 فی صد اور صحت پرڈی جی پی کا دو فی صد تک خرچ کرنا ہوگا۔ ماہرین معاشیات بھی آئندہ نسلوں کو غربت اور ناخواندگی  سے بچانے اور تندرست و توانا بنانے پر زور دیتے ہیں ۔

عالمی بینک کے مطابق پاکستان کو 2047 تک آبادی میں اضافے کی شرح کو کم کر کے 1.2 فیصد تک لانا ہوگا۔ غذائی کمی کا شکار بچوں کی شرح کو 2030 تک 22.5 فیصد تک کم کرنا جبکہ علاقائی تجارت کو 18.5 ارب ڈالر سے58 ارب ڈالر تک پہنچانا ہوگا ۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے لئے سماجی شعبے کی ترقی بہت ضروری ہے ۔ تعلیم اور صحت پر توجہ دی جائے تو معاشی اہداف بھی حاصل ہو سکتے ہیں۔

Comments are closed.