ہالینڈ میں فائرنگ سے خاتون سمیت 3 افراد ہلاک، 9 زخمی

دی ہیگ: ہالینڈ کے وسطی شہر یوتریخت میں مسافر ٹرام میں مسلح شخص کی فائرنگ سے خاتون سمیت 3 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق ہالینڈ کے وسطی شہر یوتریخت میں مسافروں ٹرام پر مسلح شخص نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 3 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے جن میں سے 3 کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

یوتریخت پولیس کے مطابق حملہ آور کی شناخت گوک مین تانس کے نام سے ہوئی ہے جو کہ 37 سالہ ترکی نژاد ہالینڈ کا شہری ہے۔ پولیس نے فائرنگ کے واقعے کو دہشت گردی کا عمل قرار دیتے ہوئے ملزم کی تصویر بھی جاری کردی ہے۔

فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے ٹرام اسٹیشن کا گھیراؤ کرلیا، جب کہ ریسکیو ٹیم کو بھی جائے وقوعہ پر روانہ کردیا گیا ہے، ریسکیو ٹیم میں طبی سہولیات سے لیس 3 ہیلی کاپٹر بھی شامل ہیں۔ قریبی اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

ٹرام اسٹیشن کے اطراف رہنے والے افراد کو گھر سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے جب کہ زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے قریبی اسپتال لایا گیا ہے۔ مسافروں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

Comments are closed.