میاں ثاقب نثار، سینیٹرفیصل اور احمد سید قومی مقصد کیلئے سرگرم عمل

رپورٹر: فیصل کمال پاشا

اوٹاوا : سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار ریٹائرمنٹ کے بعد بھی قومی مقصد کیلئے سرگرم عمل ہیں اور آئی ایم پاکستان موومنٹ کے زیراہتمام کینیڈا میں ڈیم فنڈ ریزنگ کیلئے تقریبات میں خصوصی شرکت کر کے تارکین وطن کو ڈیم فنڈ تعمیر کے لیے دل کھول کر عطیات جمع کرانے کی ترغیب دے رہے ہیں۔

آئی ایم پاکستان موومنٹ کے زیر اہتمام کینیڈا کے شہر اوٹاوہ کی بلال مسجد میں ڈیم فنڈ کیلئے تقریب کا انعقاد کیا گیا، سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے اپنے خطاب میں کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کو سامنے رکھتے ہوئے پاکستان میں ڈیمز تعمیر نہایت ضروری ہے، آنے والی نسلوں کے مستقبل کو بچانا بھی سب کی ذمےداری ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ڈیم فنڈ سپریم کورٹ کے پاس امانت ہے،جو صرف ڈیم تعمیر پر خرچ ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پانی کی قلت کا شکار ہے، اس کے لئے آبی ذخائر تعمیر کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈیموں کی تعمیر آسان کام نہیں۔ اس کے لئے بہت زیادہ فنڈز کی ضرورت ہوتی ہے۔ سپریم کورٹ نے اس قومی مقصد کے لئے عوام سے اپیل کی۔ تاکہ آنے والی نسلوں کو خشک سالی سے بچایا جا سکے۔

میاں ثاقب نثار نے کہا کہ ڈیم فنڈز آئی ایم پاکستان موومنٹ کے احمد سید صاحب نے بہت شاندار کام کیا ہے۔ انہوں نے بیرون ملک پاکستانیوں کی حب الوطنی اور ملکی تعمیر کے لئے جذبے کو سراہا اور کہا کہ پاکستان میں رہنے والے شاید اتنا پیار نہیں کرتے جتنا بیرون ممالک میں رہنے والے پاکستان سے محبت کرتے ہیں۔

سابق چیف جسٹس اور آئی ایم پاکستان موومنٹ کے صدر احمد سید و دیگر عہدیداروں نے کینیڈین سینیٹر سلمیٰ عطاء اللہ جان سے ملاقات کی،سینیٹر فیصل جاوید، فردوس عاشق اعوان بھی ملاقات میں موجود تھے۔پاکستانی ہائی کمیشن نےسابق چیف جسٹس ثاقب نثارکے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔ پاکستانی ڈپٹی ہائی کمشنر محمد سلیم نے میاں ثاقب نثار، سینیٹرفیصل جاوید، احمد سید اور فردوس عاشق اعوان کا استقبال کیا۔

Comments are closed.