جو اپنی غلطی تسلیم نہ کرے وہ لیڈر ہی نہیں، آرمی چیف جنرل باجوہ

ٹی ٹونٹی کرکٹ فارمیٹ میں شاداب خان بہترین کرکٹر ہے ورلڈ کپ ہم کلوز مارجن سے ہارے اگر شاہین آفریدی زخمی نہ ہوتا تو فائنل کا رزلٹ مختلف ہوتا، ہماری ٹیم اب دوبارہ کھڑی ہوگئی ہے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

اسلام آباد : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ لیڈر شپ کا کام لڑنا ہوتا ہے، ہار جیت ہوتی رہتی ہے جو لیڈر اپنی غلطی نہیں مان سکتا وہ لیڈر نہیں بن سکتا۔
سعودی ویب سائیٹ اردو نیوز کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر قومی کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شرکت کی، اس موقع پر چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے پاک فوج کے سپہ سالار کا استقبال کیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قومی کرکٹرز سے ملاقات کی اور ورلڈ کپ میں ٹیم کی عمدہ کارکردگی کو سراہا۔ آرمی چیف کی کپتان بابر اعظم اور فاسٹ بولر شاہین آفریدی سے گفتگو ہوئی، جنرل قمر جاوید باجوہ نے فاسٹ بولر سے ان کی انجری سے متعلق دریافت کیا۔۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی کرکٹرز بہت اچھا کھیلتے ہیں، نوجوان کھلاڑیوں کو بھی سپورٹ کیا جانا چاہیے، کھلاڑی اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے محنت کریں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ کرکٹ کے ساتھ ہاکی اور فٹبال کا کھیل پسند ہے، کھلاڑیوں کی بہتری کے لیے اپنی سپورٹ جاری رکھوں گا۔
تقریب کی میزبان نے کرکٹ ٹیم سے متعلق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سوالات کیے۔ جواب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ٹی 20 کرکٹ فارمیٹ میں شاداب خان بہترین کرکٹر ہے ورلڈ کپ ہم کلوز مارجن سے ہارے اگر شاہین آفریدی زخمی نہ ہوتا تو فائنل کا رزلٹ مختلف ہوتا۔ ان کا کہنا تھاکہ ہماری ٹیم اب دوبارہ کھڑی ہوگئی ہے۔

Comments are closed.