چوری اورسینہ زوری دیکھنی ہو تو زرداری،نوازکا رویہ دیکھ لیں، فواد چوہدری

اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ چوری اور سینہ زوری کو مثال دے کر واضع کرنا ہو تو نواز شریف اور زرداری صاحب کا رویہ دیکھ لیں۔ پیپلز پارٹی کے کارکنان نے پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا لیکن پولیس نے آج تحمل اور صبر کا مظاہرہ کیا،حد پار کی گئی تو ریاست اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔

پی پی قیادت کی نیب کے سامنے پیشی سے متعلق وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے تقریباً 500 کارکن جمع ہوئے اور چند درجن لوگوں نے پولیس پرحملہ کیا، یہ رویہ قانونی تقاضوں کے منافی ہے، پولیس نے آج تحمل اور صبر کا مظاہرہ کیا لیکن آپ حد پار کریں گے تو ریاست اپنی ذمہ داری پوری کرے گی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ بلاول خطاب ایسے کر رہے تھے جیسے لاکھوں کے مجمعے سے خطاب کررہے ہوں، کیا آپ یہ ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ آپ کو تفتیش کے لیے کیوں بلایا گیا، یہ رویہ قانونی تقاضوں کےمنافی ہے، احتساب کا عمل جاری رہے گا، جن پرمقدمات ہیں ان کو مقدمات کا سامنا کرنا پڑے گا، ایسا ممکن نہیں کہ آپ تحقیقات کے عمل کو متاثر کرسکیں، امید ہے پیپلز پارٹی اسلام آباد پولیس سے بھی معافی مانگے گی۔

Comments are closed.