اسلام آباد کے اتوار بازار میں ہولناک آگ،300 دکانیں جل کرراکھ

کپڑوں اور کارپیٹ کے اسٹالز میں لگنے والی آگ تیزی سے پھیلی جس نے دیگر اسٹالز کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا،فائر بریگیڈ نے پاک بحریہ اور راولپنڈی ریسکیو کی ٹیموں کی مدد سے آگ پر قابو پالیا

اسلام آباد کے ایچ نائن اتوار بازار میں ایک بار پھر آگ بھڑک اٹھی جس سے تین سو سے زائد دکانیں جل گئیں۔فائر بریگیڈ نے پاک بحریہ اور راولپنڈی ریسکیو کی ٹیموں کی مدد سے آگ پر قابو پالیا۔
کپڑوں اور کارپیٹ کے اسٹالز میں لگنے والی آگ تیزی سے پھیلی جس نے دیگر اسٹالز کو بھی اپنی لپیٹ میں لیا۔ابتدائی طور پر فائر بریگیڈ کی دس گاڑیوں نے آگ پر پانے کی کوشش کی۔
پاک بحریہ اور راولپنڈی ریسکیو کی فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے بھی آگ بجھانے کے عمل میں انتظامیہ کی معاونت کی۔آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن فوری طور پر پہنچے اور ریسکیو عمل کی خود نگرانی کی۔پولیس نے اتوار بازار کے اطراف کو سیل کردیا۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق آگ پر قابو لیا گیا ہے جبکہ اس وقت کولنگ کا عمل جاری ہے۔۔ٓگ سے بازار کا بیس فیصد حصہ متاثر ہوا۔بازار میں جانے سے روکنے پر پولیس اور دکانداروں کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نےآگ لگنے کی وجوہات کا تعین کرنے کیلیے ایک کمیٹی بنا دی جو مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے سفارشات پیش کرے گی۔

Comments are closed.