دنیا مخصوص ممالک میں اقلیتوں کی نسل کشی کے خطرات سے نمٹے،بلاول
ہمیں اسلامو فوبیا، نفرت، زینو فوبیا، انتہا پسندی، نسلی اور مذہبی عدم برداشت کے نظریات کا مقابلہ کرنا چاہیے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں خطاب
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے عالمی برادری پر مخصوص ممالک میں اقلیتوں کے خلاف نسل کشی کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے زور دیا ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کو بین الاقوامی تعلقات میں مساوات اور انصاف بڑھانے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔ دنیا کی توجہ متعدد عالمی خطرات اور چیلنجز بشمول ماحولیاتی تبدیلی، جوہری خطرات، دہشت گردی، مہاجرین اور ہجرت، قحط اور بھوک کے علاوہ میٹاورس کے غلط استعمال سے نمٹنے کی طرف مبذول کرانی چاہیے۔ ہمیں اسلامو فوبیا، نفرت، زینو فوبیا، انتہا پسندی، نسلی اور مذہبی عدم برداشت کے نظریات کا مقابلہ کرنا چاہیے، جو مخصوص ممالک میں اقلیتوں کے خلاف امتیازی سلوک، تشدد، اور نسل کشی کے خطرات پیدا کر رہے ہیں۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹونے کہا کہ کثیرالجہتی بنیاد پر اقوام متحدہ کے چارٹر کے بنیادی اصولوں لوگوں کے حق خودارادیت، طاقت کا استعمال نہ کرنا، طاقت کے استعمال سے علاقے پر غلبہ حاصل نہ کرنا، ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت اور ان کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت پر ہونے چاہئیں۔پیچیدہ دنیا کو متعدد خطرات اور چیلنجوں کا سامنا ہے، جس میں امن، سلامتی، اقتصادی و سماجی ترقی اور متعدد عالمی چیلنجز شامل ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی۔سلامتی کونسل، اقتصادی و سماجی کونسل، انسانی حقوق کونسل، بین الاقوامی عدالتِ انصاف اور سیکرٹری جنرل کے سیکرٹریٹ کے تمام اہم اداروں کو بااختیار اور مؤثر طریقے سے استعمال کیا جائے۔ہمیں عالمی مالیاتی اور اقتصادی طرز حکمرانی کے ڈھانچے میں مساوات اور جمہوریت کو بھی شامل کرنا چاہیے۔
بلال بھٹو کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کو بین الاقوامی تعلقات میں معیار اور انصاف کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کرنا چاہیے۔وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ کشمیر تنازع کے حوالے سے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرے اور خطے میں امن کے لیے اپنا وعدہ پورا کرے۔
Comments are closed.